Mar ۲۸, ۲۰۱۷ ۱۹:۳۶ Asia/Tehran
  • شامی فوج کی پیشقدمی ، درجنوں دہشت گرد ہلاک

شامی فوج نے ملک کے مرکزی صوبے حمص کے مشرقی علاقے میں واقع اسٹریٹیجک چوٹیوں پر قبضہ کرلیا ہے۔

دمشق میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ شامی فوج کے ایک دستے نے، داعشی دہشت گردوں کے مختلف جتھوں پر حملے کرکے، پالمیرا اور  شمالی حیان گیس فیلڈ کے علاقے میں واقع اسٹریٹیجک پہاڑیوں پر مکمل تسلط حاصل کرنے کے علاوہ شمال مغربی تدمر کے علاقے میں اپنے مورچے مستحکم کرلیے ہیں۔
 شامی فوج کی کارروائیوں میں درجنوں داعشی دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کی متعدد گاڑیوں نیز گولہ بارد کے ذخائرکو تباہ کردیا گیا۔
شامی فوج کے ایک دستے نے، شمالی حمص کے علاقے مملوک میں دہشت گردوں کے حملے کو ناکام اور انہیں بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔
شمالی حمص کے علاقے رستین میں بھی شامی فوج کے ایک دستے نے پیشقدمی کرتے ہوئے جبہت النصرہ نامی دہشت گرد گروہ کے ٹھکانوں پر حملے کرکے اس کا ایک کمانڈ سنیٹر تہس نہس کردیا ہے۔ اس کارروائی میں درجنوں دہشت گرد  ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
ادھر مغربی شام کے شہر حماہ کے شمالی علاقے معروزا ف سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کردیا گیا ہے اور امن کی بحالی کے بعد علاقے کے لوگ اپنے گھروں کو واپس آنا شروع ہوگئے ہیں۔
ادھر صوبہ حمص کے گورنر نے بتایا کہ مسلح دہشت گردوں کا آخری گروہ قومی آشتی معاہدے کے تحت ، آئندہ ہفتے حمص کے نواحی علاقے الوعر سے نکل جائے گا۔
 المیادین ٹیلی ویژن نے بھی خبر دی ہے کہ ریف دمشق میں مسلح افراد کے انخلا کا معاہدہ طے پا گیا ہے اور معاہدے کے مطابق مسلح افراد اپنے اہل خانہ کے ساتھ مضایا اور زبدانی سے نکل جائیں گے۔
توقع کی جارہی ہے کہ مسلح دہشت گردوں کے محاصرے میں پھنسے  کفریا اور فوعہ کے شہری ان علاقوں سے نکل کرمضایا اور الزبدانی کے علاقوں میں منتقل ہوجائیں گے۔
شامی حکومت نے اس معاہدے کے تحت چار سو پچاس افراد کو رہا کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
 ایک اور اطلاع کے مطابق داعش میں غیر ملکی عناصر شمالی شہر رقہ سے مکمل طور پر باہر نکل گئے ہیں۔ شام ہی سے موصول ہونے والی  ایک اورخبر یہ بھی ہے کہ حماہ کے علاقے میں شامی فوج کے حملے میں، تحریر الشام نامی دہشت گرد گروہ کا سرغنہ ابوقدامہ اپنے متعدد ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا ہے۔

 

ٹیگس