Aug ۲۰, ۲۰۱۷ ۱۹:۵۹ Asia/Tehran
  • شیخ حسینہ کو قتل کرنے کی سازش میں ملوث افراد کو سزائے موت کا حکم

بنگلہ دیش میں وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے قتل کی ناکام سازش میں ملوث دس افراد کو موت کی سزا سنائی گئی ہے۔

ڈھاکہ سے موصولہ خبروں کے مطابق بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے قتل کا منصوبہ اور سازش تیار کرنے کے جرم میں کالعدم تنظیم حرکت الجہاد اسلامی کے دس افراد کو موت کی سزاسنائی ہے جبکہ اس کیس میں عدالت نے نو افراد کو بیس سال قید کی سزا سنائی ہے۔
ان لوگوں پر الزام ہے انہوں نے سن دو ہزار میں شیخ حسینہ کے آبائی گاؤں گوپال گنج کے ایک میدان میں انتہائی طاقتور دھماکہ خیز مواد کا استعمال کرکے شیخ حسینہ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
شیخ حسینہ وہاں ایک عوامی جلسے کو خطاب کرنےوالی تھیں۔سن دوہزار میں شیخ حسینہ اپنے پہلے دور کی وزیراعظم تھیں۔
بتایا جاتاہے کہ سیکورٹی اہلکاروں نے جلسہ شروع ہونے سے پہلے ہی دھماکہ خیز مواد کا پتہ لگالیا تھا اور ان کے قتل کا منصوبہ ناکام بنادیا تھا۔
بنگلہ دیشی حکام کا کہناہے کہ تحقیقات کے بعد معلوم ہوا تھا کہ اس منصوبے کا ماسٹر مائنڈ مفتی حنان تھا جس کو ڈھاکہ میں برطانوی ناظم الامور کو قتل کرنے کی کوشش کے الزام میں اسی سال پھانسی دے دی گئی۔
حالیہ برسوں کے دوران بنگلہ دیش میں شدت پسند تنطیموں اور جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے کئی لیڈروں کو پھانسی دی جاچکی ہے۔