Nov ۱۱, ۲۰۱۷ ۱۴:۲۴ Asia/Tehran
  • سعودی بمباری میں درجنوں یمنی شہید اور زخمی

جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے ایک بار پھر یمن کے دارالحکومت صنعا اور دیگر شہروں میں کئی مقامات پر وحشیانہ حملے کیے ہیں۔ دوسری جانب بچوں کے عالمی ادارے یونیسیف نے یمن میں انسانی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس ملک کا محاصرہ ختم کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

خبروں میں بتایا گیا ہے کہ سعودی اتحاد کے جارح طیاروں نے شہری علاقوں پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے صوبہ الحدیدہ کے علاقے جزیرہ بوادی پر دو بار بمباری کی۔

سعودی جارحیت میں کم سے کم سولہ ماہی گیر شہید ہو گئے۔ سعودی جنگی طیارے اس بمباری کے بعد بھی علاقے پر کافی دیر تک پرواز کرتے دیکھے گئے۔
یمن کی وزارت انسانی حقوق نے بتایا ہے کہ دارالحکومت صنعا کے رہائشی علاقے صعدی ٹاؤن پر سعودی طیاروں کی بمباری میں کئی بچوں سمیت متعدد عام شہری مارے گئے ہیں۔ اس حملے میں آٹھ رہائشی مکانات بھی تباہ ہو گئے اور درجنوں لوگ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ یمن کی وزارت انسانی حقوق نے عالمی اداروں سے سعودی جارحیت اور حملوں کی غیر جانبدانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب بچوں کے عالمی ادارے یونیسیف نے یمن میں انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یمن کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یمن میں یونیسیف کی نمائندہ میرکسل ریلانو نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے یمن کا محاصرہ جاری رہنے کی صورت میں ایندھن کا ذخیرہ ایک ماہ کے اندر اندر ختم ہو جائے گا جبکہ بچوں کے لیے ویکسین باقی نہیں بچے گی۔
انہوں نے یمن کی انسانی صورت حال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاکھوں یمنی شہریوں کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔
دراین اثنا یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ مآرب کے متعدد علاقوں میں سعودی فوجی اتحاد کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں سعودی اتحاد کے متعدد فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
صوبہ الجوف میں بھی یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی ایک اور کاروائی میں سعودی اتحاد کی دو گاڑیاں تباہ اور اس میں سوار تمام فوج ہلاک ہو گئے۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے مشرقی صنعا میں نہم سٹی کے علاقے الحول کی جانب سعودی اتحاد کی پیشقدمی کو ناکام بنا دیا ہے۔ اس کاروائی میں بھی سعودی اتحاد کے درجنوں فوجی مارے گئے ہیں۔

ٹیگس