Feb ۱۴, ۲۰۱۸ ۱۳:۵۱ Asia/Tehran
  • بحرین میں آمریت مخالف تحریک کی سالگرہ پر مظاہرے

بحرین میں آمریت مخالف عوامی انقلابی تحریک کے آغاز کے موقع پر اس ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرین اور شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپوں کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق بحرین میں آمریت مخالف تحریک کی سالگرہ کے موقع پر بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے شاہی حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔
بحرین کی آمریت مخالف قوتوں نے چودہ فروری کو صبح اور شام کے وقت ملک گیر مظاہروں کی اپیل کی ہے جس کا عوام نے بھر پور خیر مقدم کیا۔
خبروں میں کہا گیا ہے کہ شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے العکر کے علاقے میں آمریت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر آنسو گیس کی شیلنگ اور بعد ازاں فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے۔
کہا جا رہا ہے کہ بعض علاقوں میں بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں اور خاندانی آمریت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں۔
نویدارات کے علاقے میں بھی شاہی اہلکاروں اور آمریت مخالفین کے درمیان جھڑپوں کے بعد سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے علاقے کا مکمل محاصرہ کر لیا ہے اور علاقے میں آمد و رفت معطل کر دی ہے۔
ابوصبیح اور شاخورہ کے علاقے میں بھی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے انقلاب بحرین کی حمایت میں مظاہرہ کرنے والوں پر حملے کیے۔
تازہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے دارالحکومت منامہ کے مرکزی علاقے کا رابطہ نواحی علاقوں سے کاٹ دیا ہے اور علاقے میں مظاہرین کے داخلے کو روکنے کے لیے جگہ جگہ چیک پوسٹیں قائم کر دی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ چودہ فروری بحرین میں عوامی انقلابی تحریک کی ساتویں سالگرہ ہے۔ بحرین کی شاہی حکومت سعودی فوج کے تعاون سے عوامی انقلابی تحریک کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم سات برس گزرنے کے باوجود بحرینی عوام استقامت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
حکومت بحرین نے انقلابی تحریک کو دبانے کے لیے اس تحریک کی حمایت کرنے والے سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کو گرفتار اور بے بنیاد الزامات کے تحت م‍قدمہ چلا کر انھیں جیلوں میں بند کر دیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق بحرین کی شاہی حکومت پچھلے چھے سال کے دوران گیارہ ہزار بحرینیوں کو مختلف الزامات کے تحت گرفتار کر کے جیلوں میں بند کر چکی ہے اور ان میں سے متعدد کی شہریت منسوخ کر کے انہیں ملک بدر کر دیا گیا ہے۔
مغربی ایشیا کے اس چھوٹے سے ملک بحرین میں آبادی کے لحاظ سے سیاسی قیدیوں کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔
بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے آمریت کے خلاف تحریک جاری ہے اور اس ملک کے عوام شاہی حکومت کے خاتمے اور جمہوریت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ٹیگس