Apr ۰۶, ۲۰۱۸ ۲۰:۲۸ Asia/Tehran
  • اسرائیلی فوج کے حملے میں 3 فلسطینی مظاہرین شہید 250 زخمی

غزہ میں فلسطینی مظاہرین اور صیہونی فوجیوں کے درمیان ہونے والے جھڑپوں میں تین فلسطینی شہید اور ڈھائی سو کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔

ہزاروں فلسطینیوں نے غزہ اور غرب اردن میں دوسرے جمعے کو بھی واپسی کے حق میں بڑے پیمانے پرمظاہرے کیے۔ اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین پر آنسوگیس کے گولے، دھویں کے بم پھینکے اور فائرنگ کی جس میں سیکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔
فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں کم سے کم تین فلسطینی شہید اور ڈھائی سو کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے آمدہ خبروں میں کہا گیا تھا کہ فلسطین کے واپسی مارچ پر اسرائیلی فوج کے حملے میں ایک فلسطینی شہید اور اسی سے زائد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے پانچ کی حالت نازک ہے۔
فلسطینیوں کے مظاہرے گذشتہ جمعے سے جاری ہیں۔گذشتہ جمعے کو بھی دسیوں ہزار فلسطینیوں نے یوم الارض کی مناسبت سے ایک عظیم الشان پرامن ریلی نکالی تھی اور اپنے حقوق کی بازیابی کا مطالبہ کررہے تھے کہ ان پر صیہونی فوج نے اندھا دھند فائرنگ کرکے بیس سے زائد فلسطینیوں کو شہید اور دوہزار دیگر کو زخمی کردیا۔
اسلام مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ گزشتہ جمعے کو شروع ہونے والے واپسی مارچ کا سلسلہ چودہ مئی یوم نکبت یعنی اسرائیل کی ناجائز حکومت کے قیام کے دن تک جاری رہے گا۔
صیہونی حکومت نے فلسطینیوں کے واپسی مارچ کو روکنے کے لیے غزہ سے ملنے والی سرحد پر سیکڑوں فوجیوں کو اور اسنائپروں کو تعینات کردیا ہے۔

ٹیگس