May ۰۸, ۲۰۱۸ ۱۰:۴۲ Asia/Tehran
  • سعودی جارحین کی ناکامی کی وجہ یمن کے عوام کا عزم

یمن میں ایوان صدر سمیت مختلف اہم عمارتوں پر سعودی جارحین کے یکے بعد دیگرے حملوں پر یمن کی قومی نجات حکومت نے اسے سعودی حکام کی دیوانگی اور یمن کے عوام کے عزم بالجزم کے سامنے ان کی شکست کی وجہ قرار دیا ہے۔

یمن کے ایوان صدر پر سعودی جنگی طیاروں کے حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں اسکولی بچے بھی شامل ہیں - اس حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چھے اور زخمیوں کی تعداد ساٹھ بتائی گئی ہے۔

یمن میں عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے انفارمیشن سینٹر کی ویب سائٹ نے خبردی ہے کہ یمن کے ایوان صدر پر سعودی جنگی طیاروں کے حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

 یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ایک رہنما توفیق الحمیری نے کہا کہ یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی اور اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط خیریت ہیں اور اس حملے میں کوئی گزند نہیں پہنچی - 

دوسری جانب سعودی امریکی جنگی طیاروں نے شمالی صوبے صعدہ کے شہر الصحن میں دو پیٹرول اسٹیشنوں پر بھی بمباری کی ہے جبکہ صوبہ مارب کے شہر صرواح کو چار بار اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ان حملوں میں ہونے والے ممکنہ جانی اور مالی نقصان کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

یمن پر سعودی جارحیت کے جواب میں یمن کی فوج اور عوامی رضا کار فورسز نے اتوار کے روز زلزال ایک نامی بیلسٹیک میزائل سعودی عرب کے جنوبی علاقے جیزان پر داغا جس کے نتیجے میں درجنوں سعودی آلہ کار فوجی ہلاک و زخمی ہوئے ۔

اس سے قبل یمن کی فوج کے ترجمان شرف لقمان نے کہا تھا کہ جب تک یمن پر حملے ہوتے رہیں گے اور یمن کا محاصرہ جاری رہے گا تب تک جارحیت کرنے والوں کے خلاف حملے ہوتے رہیں گے۔

 شرف لقمان نے امریکہ کو یمن ملک کی تباہی اور انسانی جانوں کے نقصان کا اصل ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ کی سیاسی اور فوجی حمایت نہ ہوتی تو اس کے علاقائی پٹھو، یمن کی جانب ایک گولی بھی چلانے کی جرائت نہ کرتے۔

انہوں نے واضح کیا کہ امریکی فوج کی علاقے میں موجودگی کو دیکھتے ہوئے جارحین کے خلاف جنگ میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے حوصلے اور بھی بلند ہوئے ہیں۔

یمنی فوج کے ترجمان نے کہا کہ اپنے ایجنٹوں کی ذلت آمیز شکست کے بعد امریکہ براہ راست جنگ پر اتر آیا ہے تاہم یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان پوری قوت کے ساتھ وطن کا دفاع کر رہے ہیں اور بیرونی طاقتوں کو قدم جمانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ کی ایما پر چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو جارحیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ مغربی ایشیا کے اس غریب اسلامی ملک کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔

سعودی حکومت کی جارحیت اور محاصرے کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں عام شہری جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں، شہید ہو چکے ہیں۔

سعودی امریکی جارحیت میں یمن کی بنیادی شہری تنصیبات کو بری طرح نقصان پہنچا ہے جبکہ لاکھوں یمنی باشندوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

ٹیگس