May ۲۸, ۲۰۱۹ ۰۸:۳۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان و پاکستان میں عزاداری امیرالمومنین(ع)

امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کا یوم شہادت اسلامی جمہوریہ ایران اور دنیا کے دیگر ممالک کی طرح ہندوستان و پاکستان میں بھی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پرعزاداری کےجلوسوں کی سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے تھے۔

عالم سجدہ میں امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کے سرمبارک پر ضربت لگنے اور شہید ہونے کی مناسبت سے ہندوستان اور پاکستان میں عزاداری کا سلسلہ کل دیررات گئے تک جاری رہا۔

پاکستان کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں بدھ کی رات سے امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی عزاداری کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت پاکستان کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں اور اسی طرح ہندوستان میں بھی ممبئی، دہلی، حیدرآباد، لکھنؤ اور کولکتہ سمیت اس ملک کے تقریبا سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں امیرالمومنین حضرت علی علیہ الصلوات والسلام کی عزاداری کے سلسلے میں ماتمی جلوس برآمد ہوئے جن میں لاکھوں روزہ دارعزاداروں نے شرکت کی، نوحہ خوانی اورسینہ زنی کی اور اشک غم بہائے۔

پاکستان کے شہر کراچی میں عزاداروں کے ماتمی جلوس پر خودکش حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔ ایسٹ زون پولیس نے یوم شہادت علی (ع) کے موقع پر دہشت گردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خفیہ اطلاع پر لائنز ایریا کے علاقے میں چھاپہ مار کر خودکش جیکٹ برآمد کرلی جب کہ 20 افراد کو شک کی بنا پر حراست میں لے لیا گیا۔

ڈی آئی جی ایسٹ کراچی عامر فاروقی کا کہنا ہے کہ برآمد کی جانے والی خودکش جیکٹ کو یوم شہادت علی (ع) کے موقع پر جلوس کو ٹارگٹ کرنے کے لیے استعمال کیا جانا تھا ۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جلوس کے شرکا کی حفاظت کی اور شہر کے امن و امان کو خراب کرنے کی مذموم سازش کو ناکام بنا دیا۔

 

ٹیگس