Dec ۰۹, ۲۰۱۹ ۲۰:۰۵ Asia/Tehran
  • اسرائيل کا آئرن ڈوم کی ناکامی کا ایک بار پھر اعتراف

اسرائیلی فوج نے مزاحمتی فلسطینیوں کے میزائلی حملوں کے مقابلے میں، آئرن ڈوم اینٹی میزائل سسٹم کی ناکامی کا ایک بار پھر اعتراف کیا ہے۔

فلسطین کی تحریک مزاحمت کے سپاہیوں نے پیر کو غزہ پر صیہونی حکومت کے فضائی حملے کے جواب میں سدیروت صہیونی کالونی پر تین میزائل فائر کئے ۔ فلسطینیوں کے اس میزائلی حملے میں متعدد صیہونیوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔
اس دوران صیہونی فوج کے ترجمان اویخای ادرئی نے ایک بار پھر فلسطینیوں کے میزائلی حملوں کو روکنے میں آئرن ڈوم کی ناکامی کا اعتراف کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ شمال مشرقی غزہ سے صیہونی کالونیوں پر تین میزائل فائر کئے گئے جن میں سے ایک میزائل آئرن ڈوم کے فعال ہونے کے باوجود سدیروت پر لگا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ فلسطینیوں کے اس میزائلی حملے میں کم سے کم دو صیہونی زخمی ہوگئے جبکہ بہت سے خوف سے حواس باختہ ہوگئے جنہیں اسپتال لے جانا پڑا۔
قابل ذکر ہے کہ ادھر چند ہفتے سے غاصب صیہونی حکومت ہر چند روز بعد غزہ پر فضائی حملہ یا گولہ باری کردیتی ہے ۔

صیہونی حکومت کے فضائی حملوں اور گولہ باری میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔

ٹیگس