Aug ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۹:۵۸ Asia/Tehran
  •  مسلم لیگ نون کے چیئرمین سے جواب طلب

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے نواز شریف کی جانب سے پارٹی اجلاسوں کی صدارت کرنے پر مسلم لیگ نون کے چیرمین سے جواب طلب کر لیا ہے۔

رپورٹوں کے مطابق الیکشن کمیشن نے نوازشریف کی نااہلی کے بعد بھی پارٹی اجلاسوں کی صدارت کرنے سے متعلق درخواستوں پر مسلم لیگ نون کے چیئرمین سے جواب طلب کرلیا۔
 پاکستان الیکشن کمیشن میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد، عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈا پور اور اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے رکن نیاز انقلابی کی جانب سے درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔
 درخواست گذاروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ نوازشریف اب نااہل ہوچکے ہیں اس لیے وہ پارٹی کی صدارت نہیں کرسکتے جب کہ انہوں نے مختلف اجلاسوں کی صدارت کی ہے جس میں اہم فیصلے بھی کیے گئے۔
درخواستوں میں مزید کہا گیا ہےکہ مسلم لیگ ن نوازشریف کے نام پر رجسٹرڈ ہے اور ان کے نااہل ہونے کے بعد پارٹی مسلم لیگ نواز کے نام سے نہیں چل سکتی۔
الیکشن کمیشن میں بابر اعوان نے دلائل دئیے جس کے بعد کمیشن نے چیئرمین مسلم لیگ (ن) راجہ ظفر الحق کو نوٹس جاری کردیا جس میں ان سے تیرہ ستمبر تک جواب طلب کیا گیا ہے۔