Sep ۰۸, ۲۰۱۷ ۱۰:۱۲ Asia/Tehran
  •  مسئلہ فلسطین و کشمیر حل کرنے کا مطالبہ

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ عالمی برادری فلسطین اور کشمیر کے عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو ختم کروائے۔

نیویارک میں جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ سیاسی و معاشی ناانصافیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ساتھ امن ناممکن ہے تاہم عالمی برادری کشمیریوں اور فلسطینیوں کے ساتھ ہونیوالی ناانصافیوں کو ختم کروائے۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کی حالت زار پر دنیا بھر کا ضمیر بیدار ہونا چاہیے تاہم اقوام متحدہ کشمیریوں کے حالات پر ہنگامی ایکشن لے۔

پاکستانی مندوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ امن کے بغیر پائیدار ترقی ناممکن ہے تاہم قوموں، ثقافتوں اور مذاہب کو تعمیری بات چیت میں شامل ہو کر کثیر ثقافتی، کثیر نسلی اور کثیر مذہبی معاشرے کی تخلیق کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ 20 ویں صدی کی دو جنگوں کے خاتمے کے باوجود تنازعات و مصائب ختم نہیں ہوئے جس کے لیے ہمیں ماضی کی ناکامیوں کو جدید دور کے مطابق حل کرنا ہوگا کیونکہ 21 ویں صدی بھی مسائل اور مشکلات کا شکار ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اب اسلاموفوبیا اور تعصب کے گرد دیوار کھڑی کرنے کی ضرورت ہے جب کہ سیاسی تنازعات حل کیے بغیر دنیا میں دیرپا امن ممکن نہیں۔

ٹیگس