Oct ۱۰, ۲۰۱۷ ۱۹:۵۰ Asia/Tehran
  • اسلام آباد میں عالمی ادارہ صحت کی علاقائی کمیٹی کا اجلاس

عالمی ادارہ صحت کی علاقائی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہو رہا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق اس اجلاس میں صحت عامہ کے دو سو پچاس سے زیادہ ماہرین اور نمائندے علاقے کے ممالک میں صحت عامہ کی اہم ترجیحات پر غور کر رہے ہیں۔
پاکستان کی وفاقی وزیر ہیلتھ سروسز و ریگولیشنز وزیر سائرہ افضل تارڑ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں شعبہ صحت عامہ کا یہ بڑا اجلاس عالمی صحت میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کا مظہر ہے۔
علاقائی کمیٹی موسمیاتی تبدیلی اور صحت کے بارے میں نئے مجوزہ لائحہ عمل کی بھی توثیق کرے گی۔
پاکستان میں ہونے والے عالمی ادارہ صحت کے اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وفد نے بھی فعال شرکت کی ہے ۔
ایرانی وفد کی سربراہی ایران کے وزیرصحت سید حسن قاضی زادہ کر رہے ہیں۔ایران کے وزیر صحت نے اجلاس سے خطاب میں علاقائی ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تاکید کی اور ایران میں حفظان صحت کے سلسلے میں انجام پانے والے اقدامات کی تشریح کی۔
اسلام آباد پہنچنے پر پاکستان کی وزیرصحت سائرہ افضل تارڑ سے ملاقات میں ایران اور پاکستان کے درمیان صحت عامہ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کی علاقائی کمیٹی کے اجلاس میں دنیا کے بائیس ممالک کے وفود نے شرکت کی ہے۔