May ۱۷, ۲۰۱۸ ۱۵:۱۹ Asia/Tehran
  • نوازشریف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کی درخواست مسترد

پاکستان کی لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کے لئے دائر درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے خلاف آئین کے آرٹیکل چھے کے تحت کارروائی کے لئے پاکستان زندہ باد پارٹی کی جانب سے دائر درخواست پر سولہ مئی کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا-

جسٹس شمس محمود مرزا نے فیصلہ سناتے ہوئے اس درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا جبکہ درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت دی ہے-

واضح رہے کہ درخواست گزار نے نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ دائر کرنے کی ایک درخواست لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرائی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ نوازشریف کے خلاف غداری کا مقدمہ دائر کیا جائے-

درخواست میں کہا گیا تھا کہ ممبئی حملوں کے بارے میں نواز شریف کا بیان ملک سے غداری کے مترادف ہے- نواز شریف نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ممبئی حملوں پر راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں دائر مقدمے کی کارروائی ابھی تک کیوں مکمل نہیں ہوئی-

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہمیں سمجھائیں کہ کیا اس بات کی اجازت دینی چاہئے کہ غیر ریاستی عناصر سرحد پار جا کر ممبئی میں ایک سو پچاس لوگوں کا قتل کریں- ان کے اس بیان کو قومی سلامتی کی کمیٹی کے اجلاس نے بھی افسوسناک اور گمراہ کن قرار دیا تھا اور بیشتر اپوزیشن پارٹیوں نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا-