Jun ۲۷, ۲۰۱۹ ۲۰:۲۷ Asia/Tehran
  • اسرائیل عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ، چیئرمین سینیٹ پاکستان

پاکستان کے ایوان بالا سینیٹ کے چیئرمین نے غاصب صیہونی حکومت کو علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔

اسلام آباد میں حمید عبداللہ حسین الاحمر کی قیادت میں پہنچنے والے  القدس پارلیمنٹ کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کے ایوان بالا سینیٹ کے چیئرمین نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت فلسطینیوں کے خلاف دہشت گردی کا ارتکاب کر رہی ہے۔
انہوں نے اسرائیل کو خطے میں دہشت گردی کے فروغ کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں عام شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور خطے میں پائیدار امن کے قیام میں اپنا کردار ادا کرے۔
 پاکستانی سینیٹ کے چیئرمن نے یہ بات زور دے کر کہی کہ پاکستان کی حکومت اور اس ملک کے عوام فلسطینی کاز اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
 انہوں نے کہا کہ پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہونا چاہیے۔
 یہ بتاتے چلیں کہ القدس کے پارلیمانی وفد کے ارکان نے اسلام آباد میں قائم انٹرنیشنل اسٹریٹیجک اسٹڈیز انسٹی ٹیوٹ کا بھی دورہ کیا۔ 

ٹیگس