Dec ۱۳, ۲۰۱۹ ۰۸:۲۸ Asia/Tehran
  • پاکستان میں وکلا کی بڑی تعداد گرفتار

250 سے زائد وکلا کے خلاف 2 کیسز درج ہوئے جن میں 15 سے زائد وکلا کو نامزد کیا گیا ہے ۔

انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملے کے الزام میں گرفتار 46 وکلا کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جب کہ مزید 29 وکلا کو گرفتار کرلیا جس پر گرفتار وکلا کی تعداد 81 ہوگئی۔ جبکہ 250 سے زائد وکلا کے خلاف 2 کیسز درج ہوئے جن میں 15 سے زائد وکلا کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ ایف آئی آر میں دہشت گردی، اقدام قتل، ڈکیتی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، ڈاکٹروں اور طبی عملے کو تشددکا نشانہ بنانے، سرکاری کام میں مداخلت سے مریضوں کی جان جانے کی دفعات شامل ہیں۔

مقدمے کے مطابق وکلا نے اسپتال میں کروڑوں روپے کی مشینری اور املاک کو نقصان پہنچایا، نرسز ہاسٹل میں موجود خواتین کو ہراساں اور زدوکوب کیا ۔

حملے کے الزام میں گرفتار وکلاء کے حق میں پنجاب بار کونسل کی جانب سے صوبے بھر میں ہڑتال کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر سیشن عدالتیں بند ہیں اور وکلا پیش نہیں ہورہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ بدھ کے روز لاہور میں وکلا نے ڈاکٹرز کے ساتھ تنازع پر پی آئی سی پر دھاوا بولا اور توڑ پھوڑ کی تھی جس کے نتیجے میں طبی امداد نہ ملنے پر 6 مریض جاں بحق ہوگئے تھے۔

ٹیگس

کمنٹس