May ۲۹, ۲۰۲۰ ۲۱:۴۱ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ

پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد چونسٹھ ہزار سے تجاوز کرگئی۔

پاکستان کے مختلف علاقوں میں کورونا میں مبتلا افراد کی تعداد بڑھ کر چونسٹھ ہزار اٹھائیس اور اس موذی وبا سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار تین سو سترہ ہوگئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بائیس ہزار تین سو پانچ افراد، کورونا سے مکمل طور پر صحتیاب ہوچکے ہیں لیکن اب بھی چالیس ہزار چار سو چھے افراد اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں چار سو چھیانوے افراد کی حالت نازک بتائی گئ ہے۔
پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے صوبہ سندھ بدستور پہلے نمبر پر ہے ۔ اس صوبے میں کورونا سے متاثرین کی تعداد پچیس ہزار تین سو نو اور مرنے والوں کی تعداد تین سو چھیانوے ہو چکی ہے۔ اسی کے ساتھ سندھ حکومت نے جمعے سے کراچی سمیت پورے صوبے میں دو پہر بارہ بجے سے ساڑھے تین بجے تک سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسرے نمبر پر صوبہ پنجاب ہے جہاں متاثرین کی تعداد بائیس ہزار نو سو چونسٹھ اور اموات چار سو دس ہوگئی ہیں۔ پاکستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد سب سے زیادہ خیبر پختونخوا میں چار سو بتیس اور متاثرین کی تعداد آٹھ ہزار آٹھ سو بیالیس بتائی گئی ہے ۔
صوبہ بلوچستان میں متاثرین، تین ہزار نو سو اٹھائیس اوراموات تینتالیس بتائی گئی ہیں ۔ گلگت بلتستان میں متاثرین چھے سو اٹھاون جبکہ اموات نو اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متاثرین دو ہزار ایک، اور اموات بائیس بتائی گئی ہیں۔

 

ٹیگس