Oct ۲۹, ۲۰۲۰ ۰۹:۴۴ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر، ہوٹل اور تجارتی مراکز کے اوقات کار تبدیل

پاکستان میں ایک بار پھر کورونا وائرس سر اٹھا رہا ہے جس کی وجہ سے حکام نے اسے کنٹرول کرنے کیلئے مختلف فیصلے کئے ہیں۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کی جانب سے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

این سی او سی نے  کورونا سے زیادہ متاثر ہونے والے 11 شہروں کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔ ان شہروں میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، حیدرآباد، گلگت، مظفر آباد، میرپور، پشاور اور کوئٹہ شامل ہیں۔ ان تمام شہروں میں آج جمعرات 29 مئی سے این سی او سی کے فیصلے نافذ کر دیے جائیں گے۔

نئی حکمت عملی کے تحت آج  سے  شہریوں کے لیے گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس ک علاوہ شاپنگ مالز، شادی ہالز، ریسٹیورینٹس اور کاروباری مراکز رات دس بجے تک بند کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔ پبلک پارکس سمیت دیگر تفریحی مقامات کو بھی روزانہ شام 6 بجے تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 16 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 775 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 31 ہزار 108 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اب تک 43 لاکھ 76 ہزار 604 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 449 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 12 ہزار 638 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 624 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ٹیگس