Apr ۲۲, ۲۰۱۷ ۲۳:۰۶ Asia/Tehran
  • بعثت سے پہلے کا زمانہ (حصہ اول)

تحریر : حسین اختر رضوی

پیغمبر اسلام صلی  اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بعثت صرف  ایک تاریخی  واقعہ  نہیں ہے بلکہ یہ انسان کی  زندگی کے  لئے ایک  نئے  راستے  کا  آغاز  ہے۔  یوم بعثت درحقیقت پرچم رسالت بلند کئےجانے کا دن ہے جس کی خصوصیات عالم انسانیت کے  لئے ممتاز اور بے مثال ہیں، پرچم رسالت علم وحکمت  عدل  و انصاف برابری  اور اعلی انسانی اخلاق کا پرچم  ہے ۔ انسان کوتمام زمانے اور تمام حالات اور دنیا کے کسی بھی  گوشے میں جن چیزوں  کی بھی ضرورت  ہے وہ سب چيزيں  پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بعثت میں موجود ہیں ۔

خود پیغمبراسلام حضرت محمد مصطفی صلی  اللہ علیہ  وآلہ وسلم نے فرمایا ہے کہ میں دوجاہلیتوں کے درمیان مبعوث ہوا ہوں اور دوسری جاہلیت پہلی جاہلیت سے زیادہ بدتر اور خراب ہے۔ مفسرین قرآن کریم اور روایات معصومین علیہم السلام سے آگاہ علماء کا  کہنا ہے کہ یہ جاہلیت علم کے مقابلے میں نہیں بلکہ اس  عقل کے مقابلے میں ہے جو  خدا وند عالم پر ایمان کی  بنیاد اور انسانی  فضائل کا  سرچشمہ ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای حفظہ اللہ پیغمبر اسلام  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کے مبعوث بہ رسالت ہونے سے پہلے انسانی معاشروں پر مسلط جاہلیت کے  بارے میں فرماتے ہیں: ایک طرف معاشرے میں نفسانی خواہشات اور جنسی ہوسرانی  حد سے زیادہ بڑھی ہوئی تھیں اور دوسری طرف  غیظ و غضب کی آگ نے لوگوں کو سنگدل بنادیا تھا اور  وہ قتل وغارت گری میں ناقابل تصور حد تک آگے بڑھ جاتے تھے یہاں تک کہ اپنی اولاد کو بھی زندہ درگور کردیتے تھے  ۔ رہبرانقلاب اسلامی نے شہرت وغضب کے اس غلبے کو جاہلیت کی علامت قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ اسلام نے اس طرح کی تمام گھناؤنی حقیقتوں کے خلاف آواز بلند کی اور دنیا کو اس سے خبردار  کیا  ہے یہ  ہے اسلام کا  پیغام ۔

رہبر انقلاب  اسلامی اس بات پر تاکید کرتے ہوئے  کہ اب بھی  دنیا  میں جاہلیت موجود ہے فرماتے ہیں:  کہ آج  مغربی دنیا میں شہوت رانی کی منطق اور بنیاد و رجحان عام ہے ۔ جب ان سے  کہا  جاتاہے کہ تم ہم جنس پرستی کیوں پھیلارہے ہو ؟ تو  کہتے ہیں کہ  یہ  ایک انسانی  رجحان ہے ۔یہ ان کی  منطق ہے ! یہ لوگ  انسان کی  جنسی ہوس اور شہوتوں کے  بارے میں کسی  ریڈ لائن کے قائل نہیں ہیں اسی طرح جب سنگدلی  کی نوبت آتی ہے  تو زمانہ جاہلیت کی صورتحال آج ہرطرف نظر آتی ہے۔ بے گناہوں کا قتل عام کرتے  رہتے ہیں اور بے بغیر کسی جرم و خطا کے حریت نواز قوموں کا سرکچل دیتے ہیں۔ یہ آج  کی ماڈرن جاہلیت ہے  جو دنیا میں موجود ہے۔

ٹیگس