Feb ۰۸, ۲۰۲۴ ۱۷:۰۰ Asia/Tehran
  • غزہ کی صورت حال عالم اسلام اور پوری بشریت کے لئے ایک مصیبت: رہبر انقلاب اسلامی

رہبرانقلاب اسلامی نے غزہ کی صورت حال کو عالم اسلام اور پوری بشریت کے لئے ایک مصیبت قراردیتے ہوئے غزہ کے حالات کو مغرب کے لئے باعث شرم قراردیا ہے اور فرمایا ہے کہ صیہونی حکومت کے ان جرائم میں امریکا بھی برابر کا شریک ہے۔ 

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر اور اعلیٰ حکام نیز تہران میں متعین اسلامی ملکوں کے سفیروں نے عید بعثت کے مبارک موقع پر رہبرانقلاب اسلامی آيت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہبرانقلاب آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے عید بعثت کی پوری دنیا کے مسلمانوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ عید بعثت تاریخ کا عظیم ترین واقعہ ہے اور پوری جرائت کے ساتھ یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ پیغمبر اسلامﷺ کی بعثت تاریخ انسانیت میں سب سے بڑا اور مبارک واقعہ ہے۔

رہبرانقلاب اسلامی نے غزہ کی انتہائی ابتر اور افسوسناک صورت حال کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ غزہ کی مصیبت عالم اسلام بلکہ اس سے بھی بڑھ کر پوری بشریت کی مصیبت ہے اور یہ صورت حال اس بات کوثابت کرتی ہے کہ موجودہ عالمی نظام کس قدر غلط اور باطل ہے- یعنی دنیا کی کئی بڑی طاقتیں آج ایک ایسی خون آشام اور جرائم پیشہ صیہونی حکومت کی حمایت کررہی ہیں جس کے مقابلے میں اور نشانے پر فلسطینی مجاہدین ہی نہیں بلکہ بچے خواتین، بوڑھے، بیمار افراد، اسپتال اور لوگوں کے رہائشی مکانات ہیں۔ امریکا، برطانیہ اور یورپی ممالک سب صیہونی حکومت کے ساتھ ہیں اور ان کے اتحادی اور پیرو بھی صیہونی حکومت کا ہی ساتھ دے رہے ہیں نیز اسی غزہ کی صورت حال سے یہ نتیجہ نکالا جاسکتا ہے کہ یہ عالمی نظام باطل ہے اور ہمیشہ رہنے والا نہيں ہے-

رہبرانقلاب اسلامی نے غزہ کے اسپتالوں پر بمباری اور تقریباً تیس ہزار فلسطینیوں کے قتل عام کو مغربی تمدن اور تہذیب کے لئے باعث شرم اور رسوائی قراردیا اور فرمایا کہ ان سب کے پیچھے امریکا کا پیسہ، اسلحہ اور اس کی سیاسی حمایت ہے جیساکہ خود صیہونیوں نے اعتراف کیا ہے کہ امریکی ہتھیاروں کے بغیر وہ ایک دن بھی جنگ جاری نہیں رکھ سکتے تھے۔ بنابریں غزہ کے واقعات کے ذمہ دار امریکی حکام بھی ہيں اور وہ بھی مجرم ہیں-

آپ نے فرمایاکہ غزہ کا بحران اسی صورت میں حل ہوگا جب صیہونی حکومت کی حمایت کرنے والی بڑی طاقتیں اس مسئلے سے خود کو الگ کرلیں۔

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ فلسطینی مجاہدین خود میدان جنگ کو کنٹرول کرنے کی توانائی رکھتے ہیں جیسا کہ آج تک انہوں نے میدان جنگ اپنے ہاتھ میں رکھا اور اور صیہونیوں کو کاری ضرب لگائی ہے۔

رہبرانقلاب اسلامی نے ایک بار پھر فرمایا کہ آج حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ صیہونی حکومت کے ساتھ اپنے ہر قسم کے سیاسی، تجارتی اور اقتصادی تعلقات منقطع کرلیں اور قوموں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی حکومتوں پر ایسا کرنے کے لئے دباؤ ڈالیں۔

ٹیگس