May ۱۹, ۲۰۱۶ ۰۷:۳۲ Asia/Tehran
  • لیڈز میں انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ
    لیڈز میں انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ

انگلینڈ اور سری لنکا جمعرات سے تین میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں مدمقابل ہوں گے۔

انگلینڈ کو بلاشبہ ہوم ایڈوانٹیج حاصل ہے البتہ مہمان ٹیم اپنے گذشتہ دورہ انگلینڈ میں کامیابی سے تقویت پانے کے لئے پرعزم ہے۔

دونوں ٹیموں نے ٹیسٹ رینکنگ کو بہتر بنانے پر نظریں مرکوز کر لیں۔ دو برس قبل سری لنکا نے ہینڈنگلے میں ہی ایک گیند قبل میچ جیت کر انگلش میدانوں پر پہلی سیریز اپنے نام کی تھی۔

لیکن اس بار سری لنکا کی ٹیم کو سابق کپتان مہیلا جے وردھنے اور کمار سنگارا کی خدمات حاصل نہیں جو ریٹائر ہو چکے ہیں۔ وہیں فاسٹ بولر دھمیکا پرساد بھی پلیئنگ الیون میں شامل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے 2014 میں دوسری اننگز میں پانچ وکٹ گراکر اس میدان پر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

کپتانی کی ذمہ داری اس یادگار میچ میں سنچری بنانے والے اینجلو میتھیوز کے کندھوں پر ہو گی۔ پچ بیٹنگ کے لئے سازگار ہو گی۔ اس میدان پر حالیہ وقت میں انگلینڈ کا ریکارڈ اچھا نہیں رہا، اس نے چار میچز ہارے اور ایک جیتا ہے۔

اس وقت انگلش ٹیم چوتھے اور سری لنکا ساتویں نمبر پر ہے۔

دوسری طرف انگلش ٹیم وائٹ واش کر کے پوائنٹس کو بہتر کر سکتی ہے۔ 3-0 سے کامیابی کے بعد اس کے پوائنٹس 109 اور 2-0 سے فتح کے بعد اس کے پوائنٹس 108 ہو جائیں گے۔

ایلسٹرکک کو ٹیسٹ کرکٹ میں کیریئر کے 10 ہزار رنز مکمل کرنے کے لئے مزید 36 رنز درکار ہیں، کک یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے انگلش بیٹسمین بن جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی وہ سچن ٹنڈولکر سے کم عمری میں یہ سنگ میل عبور کرنے کا اعزاز چھین سکتے ہیں۔

ٹیگس