Jun ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۹:۳۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان نے زیمبابوے کے خلاف سیریز جیت لی

ہندوستان نے زیمبابوے کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ بھی جیت کر سیریز صفر کے مقابلے میں تین سے جیت لی ہے ۔

ہرارے میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں ہندوستان نے زیمبابوے کو دس وکٹوں سےشکست دے دی - زیمبابوے نے پہلے بیٹگ کی اور پوری ٹیم تینتالیسویں اوور میں ایک سو تیئیس رن بنا کر آؤٹ ہو گئی- جواب میں ہندوستان نے یہ آسان ہدف بائیسویں اوور میں کسی نقصان کے بغیر حاصل کر لیا-

ہندوستان کی طرف سے اپنا پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلنے والے اوپنر بیٹسمین فیض یعقوب فضل نے آؤٹ ہوئے بغیر پچپن رن بنائے جبکہ لوکیش راہل نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا- انہوں نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئےترسٹھ رن بنائے- ہندوستان کے کپتان دھونی نے ملک سے باہر پہلی بار کسی ٹیم کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی سیریزمیں کلین سوئپ کیا ہے -

دوسری جانب کپتان دھونی نے جہاں اپنی نوجوان ٹیم کے ہمراہ یہ شاندارکامیابی حاصل کی وہیں وہ وکٹوں کے پیچھے سب سے زیادہ شکار کرنے والے ہندوستان کے پہلے وکٹ کیپر بن گئے ہیں - انہوں نے ہرارے میں تیسرے ون ڈے میچ میں وکٹوں کے پیچھے انٹرنیشنل میچوں میں تین سو پچاسواں شکار کر کے یہ اعزازحاصل کیا۔

ٹیگس