Jan ۳۰, ۲۰۱۹ ۰۸:۳۲ Asia/Tehran
  • سیمی فائنل جیتنے پر قطر کی ٹیم کا جوتوں سے استقبال

ایشین کپ فٹبال کے سیمی فائنل میں قطری ٹیم پر جوتوں کی بارش کر دی گئی۔

قطر نے سیاسی کشیدگی سے بھرپور ایشین کپ کے سیمی فائنل میں متحدہ عرب امارات کو 0-4 سے زیر کر کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں میزبان ٹیم متحدہ عرب امارات کے تماشائیوں نے اپنے سیاسی حریف قطر کی ٹیم کے ساتھ میچ کی ابتدا سے ہی بدترین رویے کا مظاہرہ کیا اور قطر کے قومی ترانے کے دوران آوازیں کستے رہے۔

خطے میں قطر اور متحدہ عرب امارات کے درمیان شدید کشیدگی جاری ہے اور سعودی عرب کے ساتھ مل کر متحدہ عرب امارات نے قطر کا سفارتی بائیکاٹ کیا ہوا ہے۔

میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آپس میں کئی بار دست و گریباں ہوئے اور ایک موقع پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آپس میں اس وقت گتھم گتھا ہو گئے جب امارات کے بندر الاحبابی نے قطر کے مڈفیلڈراکرم عفیف سے گیند چھیننے کی کوشش میں فاؤل کرتے ہوئے انہیں بری طرح گرا دیا۔

میچ میں ہر گول کے بعد قطر کے کھلاڑیوں پر بوتلیں اور جوتے پھینکے گئے۔

متحدہ عرب امارات کی ٹیم میچ میں بالکل بے ضرر نظر آئی اور قطر کی ٹیم نے کپتان حسن الحیدث اور حامد اسماعیل کے گولوں کی بدولت میچ میں باآسانی 0-4 سے کامیابی حاصل کر لی۔

میچ کے اختتام پر مقامی تماشائیوں نے فتح کا جشن مناتی حریف ٹیم پر جوتوں اور بوتلوں کی ازسرنو بارش کی۔

ایشین کپ کے فائنل میں قطر کا مقابلہ جمعہ کو جاپان سے ہو گا۔

 

ٹیگس