ایران کے خلاف جارحیت کا جواب دشمن کے لئے انتہائی المناک ہوگا : صدر ایران
صدر سید ابراہیم رئیسی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف ہر جارحیت کا ایسا جواب دیا جائے گا جو دشمن کے لئے انتہائی المناک ہوگا۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ ہم پہلے بھی سرکاری سطح پر اعلان کر چکے ہيں ، وعدہ صادق آپریشن جارح کو سزا دینے کے ساتھ کامیابی سے انجام پایا۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہم اب پوری سنجیدگی سے اعلان کرتے ہیں کہ ایران کے مفادات کے خلاف معمولی اقدام کا بھی اس کے ذمہ داروں کو خوفناک، دردناک اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ صیہونیوں کی طفل کشی ، نسل کشی اور ہولناک جرائم کا سلسلہ امریکہ اور بعض مغربی ممالک کی مکمل حمایت سے جاری ہيں تاہم غزہ کے مظلوم و مقتدر عوام اپنی استقامت و پائیداری سے کامیاب ہوں گے۔
صدر مملکت نے ایک بار پھر غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کا بھرپور مقابلہ کرنے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے بعض مغربی ممالک کی جانب سے صیہونی حکومت کی اندھی حمایت کو علاقے میں کشیدگی کا باعث قرار دیا۔
اس ٹیلی فونی گفتگو میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے کہا کہ آج عالمی سطح پر فلسطینی اہداف کی بھرپورعوامی حمایت موجود ہے جبکہ صیہونی حکومت کشیدگی بڑھا کر عالمی رائے کی توجہ غزہ میں اپنے جرائم سے ہٹانا چاہتی ہے۔
امیر قطر نے صیہونی حکومت کے جرائم کا جواب دینے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی فہم و فراست کو سراہا اور اسے سب کے لئے واضح پیغام کا حامل قرار دیا ۔