May ۱۶, ۲۰۱۶ ۲۰:۲۶ Asia/Tehran
  • امریکہ جلتی پر تیل چھڑک رہا ہے: روسی وزیر خارجہ

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے یورپ میں امریکی میزائل سسٹم کی تنصیب پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے اسے جلتی پر تیل ڈالنے کے مترداف قرار دیا ہے۔

منسک میں بیلاروس کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرگئی لاؤروف نے کہا کہ مغرب کو روس مخالف پالیسی سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔

انہوں نےاس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ماسکو کی جانب سے تعلقات میں بہتری کی کوششوں کے باوجود مغربی ممالک روس مخالف پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں جس کا انہیں کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ یورپ میں امریکی میزائل سسٹم کی تنصیب پر روس اور بیلاروس دونوں کو یکساں تشویش ہے۔ سرگئی لاؤ روف نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ نیٹو کے رکن ممالک ہماری سرحدوں کے قریب فوجی تنصیبات قائم کر کے محاذ آرائی اور کشیدگی کو مسلسل ہوا دے رہے ہیں۔

انہوں نے کھل کر کہا کہ یوکرین کے معاملے پر روس اور مغربی ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی اور مشرقی یورپ میں امریکی میزائل سسٹم کی تنصیب نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے۔

سرگئی لاؤروف کا کہنا تھا کہ امریکہ نے روس کے بار بار انتباہ کے باوجود رومانیہ میں میزائل سسٹم کو فنکشنل کیا ہے جس پر ماسکو کا ردعمل فطری ہے۔

اس سے قبل روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا تھا کہ ان کا ملک یورپ میں امریکی میزائل سسٹم کی تنصیب سے پیدا ہونے والے خطرات کے تدارک کے لیے ضروری تدابیر اختیار کرے گا۔

ٹیگس