Oct ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۳:۰۰ Asia/Tehran
  • ایٹمی معاہدے کے بارے میں ڈیموکریٹ پارٹی کی رہنما کا انتباہ

امریکی ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹ لیڈر ننسی پلوسی، ڈیموکریٹ سینیٹر برنی سینڈرز اور ایوان نمائندگان میں خارجہ امورکی کمیٹی کے ریپبلکن سربراہ ایڈ روئیس نے ٹرمپ کی جانب سے ایٹمی معاہدے کو مسترد کر دینے کے ممکنہ اقدام کی بابت امریکی صدر کو سخت خبردار کیا ہے۔

امریکی ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹ لیڈر ننسی پلوسی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ماہرین نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے ایٹمی معاہدے کو مسترد کیا جانا ایک انتہائی خطرناک فیصلہ اور بڑی غلطی ہو گی-

امریکی ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹ پارٹی کی لیڈر ننسی پلوسی نے کہا کہ اس اقدام سے امریکا کی قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے- ننسی پلوسی کا کہنا تھا کہ ایٹمی معاہدے کو کالعدم قرار دیا جانا انتہا پسندوں کے لئے بہترین تحفہ ہو گا-

ننسی پلوسی نے یہ بیان باراک اوباما کی حکومت کے سابق وزرائے خارجہ، خزانہ اور توانائی جان کیری، جیک لو اور آرنسٹ مونیز اور اسی طرح سابق امریکی نائب وزیرخارجہ وینڈی شرمن کی ایوان نمائندگان کے ڈیموکریٹ سینیٹروں سے ہونے والی میٹنگ کے بعد جاری کیا-

اس اجلاس میں، جس میں واشنگٹن میں تعینات برطانیہ، جرمنی، فرانس اور یورپی یونین کے سفرا بھی موجود تھے، جان کیری اور مونیز نے ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکلنے کے منفی نتائج کی وضاحت کی-

امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے ایٹمی معاہدے کی حمایت نہ کئے جانے سے امریکا عالمی سطح پر الگ تھلگ پڑ جائے گا-

انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پیج پر لکھا کہ ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کی تائید نہ کرنے کے ٹرمپ کے ارادے سے امریکا کے عالمی سطح پر الگ تھلگ پڑ جانے کے سوا اور کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا-

اس درمیان این بی  سی نیوز چینل نے خبر دی ہے کہ قومی سلامتی کے امور میں امریکی صدر کے مشیر میک مسٹر نے امریکی کانگریس کو بتا دیا ہے کہ ٹرمپ نے ایٹمی معاہدے کو مسترد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور کانگریس کو تجویز دی ہے کہ ایٹمی معاہدے میں اصلاح کے لئے قانون تیار کرے-

اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام نے بارہا زور دے کر کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں دوبارہ مذاکرات نہیں ہوں گے اور ٹرمپ کے ہر قسم کے تخریبی اقدام کا جواب دینے کے لئے ایران کے پاس متعدد آپشن موجود ہیں-

ایرانی حکام نے واضح کر دیا ہے کہ ایران کی فوجی سائٹوں کا معائنہ اور میزائلی پروگرام کو محدود کرنے کا امریکی حکام کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا اور ایران اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دے گا کہ ایران کے دفاعی راز اغیار تک پہنچیں-