Feb ۲۲, ۲۰۱۸ ۰۸:۲۹ Asia/Tehran
  • پاکستان کو واچ لسٹ میں ڈالنے کی امریکی کوشش

امریکی محکمہ خارجہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستان کو واچ لسٹ میں ڈالنے کا فیصلہ آج ہو سکتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کا نام فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی فہرست میں شامل کرنے کا مقصد اس بات کا اظہار ہوگا کہ دہشت گردی کی مالی معاونت اور انسداد دہشت گردی کے خلاف پاکستان مطلوبہ سخت کارروائی نہیں کر رہا، بہت سارے ملک یکساں سوچ کے حامل ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایک سوال کے جواب میں ترجمان ہیدر نوئرٹ نے کہا کہ پاکستان ان ملکوں میں شامل ہے جن کا قریب سے جائزہ لیا جا رہا ہے، اور ہو سکتا ہے وہ بہت جلد اس سے متعلق اعلان کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز  فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس میں پاکستان کا نام دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والے ممالک کی واچ لسٹ میں شامل کرنے کی امریکی کوشش ناکام ہوگئی تھی۔

منی لانڈرنگ کے خلاف فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اجلاس پیرس میں ہوا۔ امریکا اور برطانیہ نے اجلاس کے دوران پاکستان کو دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت روکنے میں ناکام ممالک میں شامل کرنے کی قرارداد پیش کرنی تھی تاہم اتفاق رائے نہ ہونے کی وجہ سے قرارداد کو 3 ماہ کے لیے موخر کر دیا گیا تھا۔

ٹیگس