Oct ۲۲, ۲۰۱۸ ۲۰:۱۰ Asia/Tehran
  • روس کی جانب سے امریکی الزام مسترد

روس نے امریکہ کے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے کہ ماسکو نے آئی این ایف معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

روسی صدر کے ترجمان دمیتری پسکوف نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ روس نے آئی این ایف معاہدے پر ہمیشہ عمل کیا ہے، کہا کہ اس معاہدے سے نکلنے کا امریکی صدر ٹرمپ کا فیصلہ تشویشناک ہے اور اس طرح کے اقدامات سے دنیا کو بیحد خطرات لاحق ہو سکتے ہیں-

روسی صدر کے ترجمان نے کہا کہ امریکا نے ابھی تک آئی این ایف معاہدے سے نکلنے کے لئے کوئی بھی اقدام نہیں کیا ہے- ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے متن میں معاہدے سے نکلنے کے لئے شرائط اور مراحل بیان کئے گئے ہیں-

روسی صدر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آئی این ایف سے امریکا کے نکلنے کے فیصلے پر امریکا کے قومی سلامتی کے امور کے مشیر جان بولٹن کے آئندہ دورہ ماسکو میں بات چیت کی جائے گی-

دوسری جانب سابق سویت یونین کے آخری رہنما گورباچیف نے جنھوں نے اس وقت کے امریکی صدر ریگن کے ساتھ آئی این ایف پر دستخط کئے تھے، کہا ہے کہ اس معاہدے سے نکلنے کا امریکی صدر کا فیصلہ ایک غلطی ہے-

میخائل گوربا چیف نے کہا کہ کسی بھی صورت میں یہ معاہدہ ختم نہیں ہونا چاہئے- درمیانہ فاصلے تک مار کرنے والے ایٹمی میزائل کو تباہ کرنے کے تعلق سے روس اور امریکا کے درمیان آئی این ایف معاہدہ انیس سو ستاسی میں ہوا تھا اور اس وقت سرد جنگ میں کمی لانے کے لئے اسے ایک اہم قدم سے تعبیر کیا گیا تھا-

ٹیگس