Dec ۱۴, ۲۰۱۸ ۱۱:۰۱ Asia/Tehran
  • وائس آف امریکا کی اردو اور پشتو ویب سائٹس کو بحال کرنے کی درخواست

بین الاقوامی نیوز ادارے وائس آف امریکا (وی او اے) نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کی بلاک کی جانے والی اردو اور پشتو ویب سائٹس کو بحال کرے۔

وائس آف امریکا کی ڈائریکٹر امینڈا بینیٹ نے ایک بیان میں کہا کہ پریس کی آزادی کے مفاد میں وائس آف امریکا ہمارے مواد بلاک کرنے کے ذمہ داروں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فوری طور پران رکاوٹوں کو دور کریں۔

امینڈا بینیٹ کا کہنا تھا کہ رواں ماہ کے آغاز میں وی او اے کی اردو ویب سائٹ کو جزوی یا مکمل طور پر بلاک کردیا گیا جبکہ اکتوبر کے آخر سے پشتو زبان میں سروس فراہم کرنے والی وی او اے دیوا کی ویب سائٹ بلاک ہے۔

تاہم حالیہ دنوں میں اسلام آباد میں غیر قانونی طریقے سے ویب سائٹس تک رسائی حاصل کی گئی۔

قبل ازیں پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ اردو اور پشتو زبانوں میں امریکی ویب سائٹ پر پابندی لگانے کا فیصلہ ان کی غلط اور جھوٹی خبروں اور رپورٹوں کی وجہ سے کیا گیا۔ اس سے قبل فواد چوہدری نے کہا تھا کہ بعض ویب سائٹ کو غلط بیانی کرنے کی وجہ سے بند کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ امریکی حکام اور ذرائع ابلاغ  ہمیشہ پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں تاہم پاکستان ان الزامات کو ہمیشہ مسترد کرتا رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ امریکہ آزادی بیان کے جھوٹے دعووں کے ذریعے دھوکہ اور فریب دے کر دنیا بھر میں تفرقہ پھیلانے کی کوشش کرتا رہتا ہے اور یہ وی او ای بھی اسی کا ایک نمونہ ہے کہ جسے پاکستانی حکومت نے مناسب رد عمل ظاہر کر کے بلوک کردیا-

ٹیگس