Jan ۲۳, ۲۰۱۹ ۱۸:۵۸ Asia/Tehran
  • امریکی پالیسیوں پر کینیڈا کی شدید تنقید

کینیڈا کی حکومت نے امریکی پالیسیوں پر کھل کر اور غیر معمولی طریقے سے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کینیڈا واشنگٹن کی پالیسیوں کی قیمت چکا رہا ہے۔

واشنگٹن میں کینیڈا کے سفیر ڈیوڈ میک ناؤتھن نے کہا ہے کہ کینیڈا، اپنے شہریوں کو امریکی قوانین کے نفاذ کی وجہ سے سزا نہیں دینا چاہتا- واشنگٹن میں کینیڈا کے سفیر نے وینکور میں امریکا کے کہنے پر چینی کمپنی ہواوی کے مالی امور کی ڈائریکٹر کی گرفتاری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں امریکی حکام اپنے قوانین پر مکمل نفاذ کی پیروی کر رہے ہیں لیکن اس کی قیمت کینیڈا ادا کر رہا ہے-

یاد رہے کہ گذشتہ دسمبر کے مہینے میں چینی کمپنی ہواوی کے مالی امور کی ڈائریکٹر مینگ وان ژو کو امریکا کے کہنے پر کینیڈا کی پولیس نے وینکور میں گرفتار کر لیا تھا-

چینی کمپنی کی اس ڈائریکٹر پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے ایران مخالف امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی کمپنی کی مصنوعات ایران کو فروخت کی ہیں-

ان کی گرفتاری  کے بعد چین اور کینیڈا کے تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے اور بیجنگ نے بھی کنییڈا کے دو شہریوں کو گرفتار اور، ایک اور کینیڈین شہری کو منشیات کی اسمگلنگ کے جرم میں موت کی سزا سنادی تھی- واشنگٹن میں کینیڈا کے سفیر، اس سے پہلے بھی اس معاملے میں امریکی پالیسیوں اور اقدامات پر شدید تنقید کر چکے ہیں-

ٹیگس