Jul ۱۸, ۲۰۱۹ ۱۸:۰۳ Asia/Tehran
  • روس انسٹیکس میں شمولیت کا خواہاں

روسی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ ماسکو ایران اور یورپ کے درمیان قائم ہونے والے خصوصی مالیاتی نظام انسٹیکس میں شامل ہونا چاہتا ہے۔

روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے جمعرات کو فائنانشل ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس انسٹیکس کے بارے میں یورپی یونین سے قریبی تعاون کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسٹیکس میں مختلف ممالک اور براعظموں کی تعداد جتنی زیادہ ہوگی اس مالیاتی نظام کی کارکردگی اور اہمیت بھی اتنی زیادہ بڑھے گی۔ روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ یہ مالیاتی نظام اسی وقت پوری طرح کارآمد اور مفید واقع ہوگا جب اس میں زیادہ سے زیادہ ممالک شریک ہوں گے اور انسٹیکس صرف یورپی یونین تک محدود نہ رہے۔ انہوں نے انسٹیکس کو ان پروجیکٹوں کو آگے بڑھانے کے لئے ایک بہترین ذریعہ قراردیا جنھیں امریکا نے بری طرح خراب کردیا ہے۔ روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ انسٹیکس کو ایرانی تیل کی برآمدات میں بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یورپی یونین انسٹیکس سے ایرانی تیل کی برآمدات میں بھی استفادہ کرتی ہے تو ایٹمی معاہدے کو مضبوطی کے ساتھ باقی رکھنے میں مدد ملے گی۔ یورپی ٹرائیکا نے گذشتہ اکتیس جنوری کو انسٹیکس کے قیام کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد ایران کے ساتھ یورپ کے مالی لین دین کو آسان بنانا ہے تاہم اتنا عرصہ گذر جانے کے بعد ابھی تک یہ نظام آپریشنل نہیں ہوسکا ہے۔

ٹیگس