Aug ۳۰, ۲۰۱۹ ۰۸:۵۵ Asia/Tehran
  • امریکی  مسلم خاتون رکن اسمبلی الہان عمرکو جان سے مارنے کی دھمکی

موصول ہونے والے دھمکی آمیز خط میں انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی میں شائع رپورٹ کے مطابق امریکی رکن کانگریس نے بتایا کہ دھمکی آمیز خط میں کہا گیا کہ اسٹیٹ فیئر کے دوران ایک شخص انہیں بڑی بندوق سے قتل کردے گا۔

الہان عمر کا کہنا تھا کہ نامعلوم شخص کی جانب سے دھمکی آمیز خط ملنے کے بعد وہ سیکیورٹی گارڈ رکھنے پر مجبور ہیں۔

کانگریس رکن نے کہا کہ مجھے نفرت ہے کہ ہم ایسی دنیا میں رہتے ہیں، جہاں آپ کی حفاظت کے لیے دوسرے انسان کو تعینات کیا جاتا ہے، تاہم جب تک میری اور دیگر لوگوں کی زندگی کو خطرہ ہے میں سیکیورٹی رکھنے پر مجبور ہوں۔

دھمکی آمیز خط میں لکھا کہ الہان عمر، تم واشنگٹن زندہ نہیں جا سکوگی، تمہاری زندگی کا خاتمہ تمہاری چھٹیاں ختم ہونے سے پہلے ہوجائےگا اور الہان عمر تم اکیلے نہیں مروگی۔

رواں برس اپریل میں بھی الہان عمر کو مسلمان ہونے کی بنیاد پر قتل کی دھمکی دی گئی تھی تاہم نیویارک کے مغربی ضلع میں قائم امریکی اٹارنی کے دفتر نے دھمکانے والے شخص کی گرفتاری کی تصدیق کردی تھی۔

واضح رہے کہ الہان عمر ریاست منیسوٹا سے تعلق رکھنے والی رکنِ پارلیمنٹ ہیں جنہیں گزشتہ برس کے وسط مدتی انتخابات میں کامیابی ملی تھی۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 14 جولائی کو کانگریس کی اقلیتی خواتین ارکان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ خواتین دراصل ان ممالک سے تعلق رکھتی ہیں جہاں کی حکومتیں مکمل طور پر نااہل اور تباہی کا شکار ہیں اور دنیا بھر میں سب سے زیادہ کرپٹ ہیں۔ تاہم ڈیموکریٹک جماعت کے رہنماؤں نے ٹرمپ کے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے الیگزینڈریا اوکاسیو-کورٹیز، راشدہ طلیب، الہان عمر اور آیانا پریسلے کی حمایت کی تھی۔

ٹیگس