Sep ۱۶, ۲۰۱۹ ۱۹:۵۱ Asia/Tehran
  • نوڈیل بریگزٹ کے انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔

یورپ کی طاقتور ترین لابی، ایشین ٹریڈ فیڈریشن نے خـبردار کیا ہے کہ نوڈیل بریگزٹ کے انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔

ایشین ٹریڈ نامی یورپی لابی کے سربراہ مارکوس جی بیرر نے اپنے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ نوڈیل بریگزٹ کسی سانحہ سے کم نہیں ہوگا اس کی روک تھام ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی غیر منظم طور پر یورپی یونین سے علیحدگی سے برطانیہ اوریورپی یونین دونوں کے لیے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔جی بیرر کے جاری کردہ بیان میں لندن اور بریسلز سے درخواست کی گئی ہے کہ نوڈیل بریگزٹ کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات عمل میں لائیں اور اس حوالے سے تعمیری مذاکرات کا آغاز کیا جائے۔انہوں نےکہا کہ توقع ہے کہ حکومت برطانیہ قابل عمل تجاویز کے ساتھ جلد یورپی یونین سے مذاکرات کا آغاز کرے گی۔ایشین ٹریڈ نامی اس لابی کا یہ انتباہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور یورپی کمیشن کے سربراہ جان کلوڈ یونکر کے درمیان ملاقات سے چند گھنٹے قبل جاری کیا ہے۔
برطانوی وزیر اعظم اور یورپی کمیشن کے سربراہ کے درمیان دو طرفہ ملاقات پیرکو ہورہی ہے  دوسری جانب برطانیہ کی چوتھی بڑی سیاسی جماعت لبرل ڈیموکریٹ پارٹی نے برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کی باضابطہ مخالفت کا اعلان کرتے ہوئے بریگزٹ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔لیبرل ڈیموکریٹ پارٹی کے ترجمان ٹام بریک نے کہا ہے کہ انتخابات میں کامیابی کی صورت میں ان کی جماعت بریگزٹ کو ملکی ایجنڈے سے خارج کردے گی۔
لبرل ڈیموکریٹ پارٹی کے پاس چھے سو پچاس کے ایوان میں اٹھارہ نشستیں ہیں اور یہ جماعت دوسری پارٹیوں کے بریگزٹ مخالف اراکین پارلیمنٹ کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔حکمراں جماعت کنزرویٹو پارٹی کے کئی  ارکان نے لبرل ڈیموکریٹک پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان بھی کردیا ہے اور جس کی وجہ سے حکمراں جماعت پارلیمنٹ میں اکثریت سے محروم ہوگئی ہے۔باون فی صد سے زیادہ برطانوی شہریوں نے سن دوہزار سولہ میں کرائے جانے والے استصواب میں رائے میں، اپنے ملک کی یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیئے تھے۔پچھلے تین برس کے دوران برطانیہ میں بننے والی کوئی بھی حکومت بریگزٹ کا وعدہ پورا نہیں کرسکی ہے۔
برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن، پارلیمنٹ کی مخالفت کے وجود، معاہدہ ہونے یا نہ ہونے دونوں صورتوں میں اپنے ملک کو یورپی یونین سے علیحدہ کرنے پر زور دے ر ہے ہیں۔

ٹیگس