Apr ۲۵, ۲۰۲۴ ۱۵:۳۶ Asia/Tehran
  • یورپی  حکام خواب غفلت سے  بیدار ہو گئے

یورپی کمیشن کے ترجمان نے غزہ پٹی میں اجتماعی قبریں ملنے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اس کی آزادانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: یورپی کمیشن کے ترجمان پیٹر اسٹانو نے بریسلز ميں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تاکید کی کہ ہمیں خان یونس اور الشفاء اسپتال میں اجتماعی قبریں ملنے پر سخت تشویش ہے اور ہم اس کی آزادانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہيں ۔ انھوں نے غزہ میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں انجام پانے والے وحشیانہ قتل عام کو انسانی حقوق کی ممکنہ خلاف ورزی کا نام دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں آزادانہ تحقیقات اور جواب دہی اہم ہے۔

اسٹانو نے مزید کہا کہ غزہ یا دوسری کسی بھی جگہ کے سلسلے میں یورپی یونین کا رویہ ایک رہا ہے اور اسی بنا پر ہم جنگ بندی چاہتے ہيں تاکہ جھڑپيں ختم ہوں ۔

یورپی کمیشن کے سینئر ترجمان ایسی حالت میں یہ بات کہہ رہے ہيں کہ فلسطینی میڈیا ذرائع نے ابھی حال ہی میں صیہونی فوج کی پسپائی کے بعد خان یونس کے ناصر اسپتال ميں ایک اور اجتماعی قبر ملنے کی خبر دی تھی ۔ اس اجتماعی قبر سے تہتر فلسطینی شہداء کے جنازے ملے ہيں ۔

فلسطینی ٹی وی چینل القدس نے رپورٹ دی ہے کہ خان یونس میں ملنے والی اجتماعی قبروں سے اب تک دو سو تراسی جنازے نکالے جا چکے ہيں ۔ غزہ پٹی کے شہری دفاع کے ادارے نے بھی اعلان کیا ہے کہ ناصر اسپتال میں تین اجتماعی قبریں ہيں جن میں اندازے کے مطابق سیکڑوں شہداء کے جنازے ہيں۔

ٹیگس