Feb ۱۸, ۲۰۲۰ ۰۷:۳۸ Asia/Tehran
  • جرمنی میں مساجد کو دہشتگردانہ کارروائیوں کا نشانہ بنانے کی سازش

جرمنی میں مقیم مسلمان برادری نے ملک کی پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انتہا پسند گروہوں کے مقابلے میں انہیں مزید سیکورٹی فراہم کرے۔

ارنا نیوز کے مطابق پیر کے روز جرمن پولیس نے دس مساجد پر دہشتگردانہ حملے کے منصوبے کا پتہ لگا کر اسے ناکام بنا دیا۔ یہ منصوبہ دائیں بازو کے ایک دہشتگرد گروہ نے تیار کیا تھا جس کے تحت جرمنی کے مختلف شہروں میں واقع دس مساجد کو دہشتگردانہ کارروائیوں کا نشانہ بنایا جانے والا تھا۔

جرمن پولیس کی بر وقت کارروائی کے بعد جرمنی کے مسلمانوں نے ملک میں جاری انتہاپسندی پر اپنی تشویش ظاہر کرتے ہوئے پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ انہیں مزید سیکورٹی فراہم کرے۔

جرمن ذرائع نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک میں سرگرم ایک انتہا پسند گروہ سے وابستہ عناصر کے مکانات کی تلاشی کے دوران کچھ ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔

آخری چند برسوں میں بالخصوص یورپی ممالک میں داعش کے ہاتھوں انجام پانے والی دہشتگردانہ کارروائیوں کے بعد یورپ میں اسلاموفوبیا کی ایک نئی لہر کا آغاز ہوا ہے جس نے مسلمانوں کو خاصی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ یورپ میں حالیہ بدامنی کے واقعات کی بنیادی وجہ مغربی ممالک کی جانب سے عراق و شام میں سرگرم دہشتگردوں کی ہونے والی حمایت ہے۔

ٹیگس