اقوام متحدہ نے ٹرمپ کی دھمکی پرعالمی ادارہ صحت کی حمایت کی
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ٹرمپ کی دھمکی پرعالمی ادارہ صحت کی حمایت کا اعلان کیا۔
رائٹرز نےاقوام متحدہ کی ویب سائٹ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹرش نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی مدد کرنی چاہیے کیونکہ یہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے لیے انتہائی اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وائرس کو ختم کرنے کے لیے ہمیں بے مثال کاوشوں کی ضرورت ہے، موجودہ حالات میں یہ عین ممکن ہے کہ مختلف لوگوں کے لیے یکساں حقائق کے مختلف معنی ہوں۔
انٹونیو گوٹرش کا کہنا تھا کہ ہمیں اس سے سبق سیکھنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ اگر مستقبل میں اس طرح کے چیلنجز کا سامنا ہو تو ہم اس کا مقابلہ کر سکیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل عالمی ادارہ صحت پرچین کی جانبداری کا الزام عائد کیا تھا۔ ٹرمپ نے ڈبلیو ایچ او پر چین کی حمایت کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئےعالمی ادارے کے فنڈز منجمد کرنے کی دھمکی دی تھی۔