Apr ۲۸, ۲۰۲۰ ۰۸:۴۳ Asia/Tehran
  • امریکی وزارت جنگ پنٹاگون پر کورونا کا حملہ، 6 ہزار متاثر، 27 ہلاک

امریکی وزارت جنگ نے کل کہا کہ پنٹاگون میں 6 ہزار 568 فوجی اورغیر فوجی اہلکار کورونا میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت جنگ کا کہنا ہے کہ پنٹاگون میں کورونا میں مبتلا افراد کی تعداد بڑھ کر 6 ہزار 568 ہو گئی جن میں سے 27 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکہ میں کورونا سے 10 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے جبکہ اب تک 56 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکی حکومت نے دیگر ممالک کی بہ نسبت بہت دیر سے کورونا ٹسٹنگ کا آغاز کیا ہے اور اس وقت کورونا بیماروں میں اچانک اضافے کے بعد امریکہ کے طبی مراکز کورونا ٹسٹ کٹس کی قلت سے روبرو ہیں۔

امریکا میں کورونا کے بے قابو ہونے کے بعد سبھی ریاستوں میں، ہنگامی حالت کے اعلان کے بعد انتہائی المناک صورتحال کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

اس وقت امریکہ کی تمام پچاس ریاستوں میں کورونا وائرس سرایت کر چکا ہے اور اس وبا کے متاثرین اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔

اس کے علاوہ کورونا سے اموات میں وحشتناک اضافے نے مرنے والوں کی تدفین کے حوالے سے بھی بحرانی صورتحال پیدا کر دی ہے اور مقامی انتظامیہ اور حکام جنازوں کو اجتماعی قبروں میں دفن کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ 

واضح رہے کہ 8 مارچ کو امریکی ہسپتالوں کی یونین نے اپنی ایک رپورٹ میں امریکہ میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 96 ملین جبکہ کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4 لاکھ 80 ہزار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ یہ ایسے میں ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے تیز پھیلاؤ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات کے پیش نظر اقتصادی ماہرین نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ مئی کے اختتام تک امریکہ میں کم از کم دو کروڑ لوگوں کو اپنے روزگار سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے اور اس طرح امریکہ میں بے روزگاری کی شرح 15 فیصد تک پہنچ جائے گی۔

ٹیگس