شام کے بحران کے سلسلے میں عالمی ادارے اقدام کریں: شیخ الازہر کا مطالبہ
Sep ۰۴, ۲۰۱۵ ۱۸:۴۰ Asia/Tehran
شیخ الازہر مصر نے شام کے پناہ گزینوں کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے شام کے عوام اور پناہ گزینوں کو درپیش بحران اور مشکلات کے خاتمے کے لئے علاقائی اور عالمی اداروں اور تنظیموں کے اقدامات کی ضرورت پر تاکید کی ہے-
مصر کی الیوم السابع ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق جامعۃ الازہر مصر کے سربراہ شیخ احمد الطیب نے جمعے کو ایک بیان میں، ترکی کے ساحل پر شام کے ایک پناہ گزین بچے کی دل دہلا دینے والی لاش کی تصویر دیکھنے کے بعد اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تصویر انسانیت کی پیشانی پر کلنگ کا ٹیکہ ہے-شیخ الازہر نے عالمی برادری اور عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ شام کے لاکھوں عوام اور پناہ گزینوں کو در پیش المناک صورتحال سے نکالنے اور اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات عمل میں لائیں- واضح رہے کہ شام کے ایک تین سالہ پناہ گزیں بچے کی لاش کی تصویر نے لوگوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے- اس بچے کی لاش سمندر میں غرق ہو گئی تھی جو بعد میں موجوں کے سہارے ترکی کے ساحل پر پائی گئی ہے-
شام ، عراق، یمن اور لیبیا میں جنگ کے بحران کے سبب ہزاروں افراد کسی پرامن جگہ کی تلاش میں علاقے کے ملکوں اور یورپ کا رخ کر رہے ہیں-