Dec ۲۵, ۲۰۱۵ ۱۹:۲۴ Asia/Tehran
  • ایران: پارلیمانی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری دن
    ایران: پارلیمانی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری دن

جمعے کو ایران کے دسویں دور کے پارلیمانی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری دن ہے اور کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری دن ہونے کی وجہ سے جمعے کو دارالحکومت تہران سمیت پورے ایران میں متعلقہ دفاتر میں امیدواروں کی بہت زیادہ تعداد دیکھی گئی۔

مجلس شورائے اسلامی کے انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ انیس دسمبر سے شروع ہوا تھا۔ ایران کے چیف الیکشن کمشنر محمد حسین مقیمی نے اعلان کیا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل جمعے کی رات کو بارہ بجے تک جاری رہے گا اور اس کی مدت میں توسیع نہیں ہوگی۔

ایران کے نائب وزیر داخلہ حسین علی امیری نے بھی کہا ہے کہ آئین کے مطابق مجلس شورائے اسلامی کے دسویں دور کے انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مدت میں توسیع کا امکان نہیں ہے لہذا امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرانے کو آخری وقت کے لئے نہ رکھیں۔ ادھر ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے کہا ہے کہ گزشتہ دور کے مقابلے میں مجلس خبرگان یا ماہرین کی کونسل کے انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں کی تعداد میں باسٹھ فی صد اور پارلیمانی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں کی تعداد میں اکسٹھ فی صد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے ایران میں انتخابات کے انعقاد کو دشمنوں کی سازشوں  کی ناکامی اور ان کی ناامیدی کا باعث قرار دیا۔

ایران کے وزیر داخلہ نے کہا کہ ایران میں انتخابات اپنی سرنوشت کا فیصلہ خود عوام کو واگزار کئے جانے کا بہترین مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج جو لوگ دنیا میں جمہوریت کا دم بھرتے ہیں وہ ابھی تک دنیا کے کسی بھی حصے میں اسلامی جمہوریہ ایران جیسی جمہوریت قائم نہیں کرسکے ہیں۔

ایران کی وزارت داخلہ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جمعرات کی شام تک آٹھ ہزار ایک سو سڑسٹھ افراد نے دسویں دور کے پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ پارلیمانی انتخابات کے لئے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا کام چار جنوری دوہزار سولہ تک جاری رہے گا جبکہ اہل امیدواروں کی حتمی فہرست آئین کی نگراں کونسل کی جانب سے نو فروری کو وزارت داخلہ کو بھیج دی جائے گی۔ وزارت داخلہ سولہ فروری کو اہل امیدواروں کی حتمی فہرست انتخابی حلقوں کی انتظامیہ کو بھیجے گی اور اگلے دن مقامی حکام امیدواروں کے ناموں کی فہرست کا اعلان کریں گے۔ پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے والے اہل امیدوار اٹھارہ فروری سے چوبیس فروری تک اپنی انتخابی مہم چلا سکیں گے جبکہ ایرانی عوام چھبیس فروری کو اپنے ووٹوں کے ذریعہ پارلیمنٹ کی دوسو نوے نشستوں کے لئے اراکین کا انتخاب کریں گے۔

دریں اثنا مجلس خبرگان یا ماہرین کی کونسل کے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ سات روز تک جاری رہنے کے بعد تیئس دسمبر کو ختم ہوگیا جس کے لئے آٹھ سو ایک امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ ماہرین کی کونسل کے لئے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا کام ستائیس دسمبر سے پچیس جنوری تک جاری رہے گا۔

ماہرین کی کونسل کے امیدواروں کی حتمی فہرست دس فروروی کو جاری کی جائے گی اور اہل امیدوار گیارہ فروری سے چوبیس فروری تک انتخابی مہم چلا سکیں گے۔ ماہرین کی کونسل کے اراکین عوام کے ووٹوں سے آٹھ سال کے لئے منتخب ہوتے ہیں۔ اس سال کونسل کے اراکین کی تعداد چھیاسی سے بڑھا کر ننانوے کردی گئی ہے۔ اس کونسل کے انتخابات بھی پارلیمانی انتخابات کے ساتھ ساتھ چھبیس فروری دو ہزار سولہ کو ہوں گے۔

ٹیگس