Jun ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۲ Asia/Tehran

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے بدھ کو عدلیہ کے سربراہ اور حکام سے ملاقات میں عدالتوں کے ہر طرح کی بدعنوانی سے پاک ہونے اور عوام کو راضی اور مطمئن کرنے کے لئے مسلسل کوشش کو اس ادارے کا بنیادی مقصد اور اہم ذمہ داری قرار دیا اور پابندیوں کے باعث ملت ایران کے پائمال شدہ حقوق کی بازیابی کے لئے عدلیہ کے مزید فعال کردار پر تاکید کی-

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اس ملاقات میں سات تیر مطابق ستائیس جون انیس سو اکیاسی میں ہونے والے دہشت گردانہ واقعے کے شہداء بالخصوص عدلیہ کے بانی شہید آیت اللہ بہشتی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ عدلیہ ، قوانین پرعمل درآمد کی نگرانی، جرائم کی روک تھام اور طویل مدت پالیسیوں میں موثر واقع ہونے کے لحاظ سے نہایت اہمیت کی حامل ہے-

رہبر انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں عدلیہ کے فرائض بالخصوص اسلامی انسانی حقوق کے احیاء اور ظالمانہ پابندیوں کے سبب ملت ایران کے پائمال شدہ حقوق منجملہ بے بنیاد الزامات کے تحت ملت ایران کے مال اور سرمائے کو ہڑپنے کے لئے امریکی عدالتوں کے حالیہ فیصلے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا بھی ذکر کیا - آپ نے فرمایا کہ پابندیوں کے باعث ملت ایران کے حقوق کی پائمالی ایسی حقیقت ہے کہ جس کے سلسلے میں عالمی سطح پر قانونی چارہ جوئی ضروری ہے۔

ایران میں دہشت گردی کی بھینٹ چڑھنے والوں کے حقوق کا جائزہ ، ان دہشت گردانہ واقعات میں شہید ہونے والوں کے قاتلوں کی حمایت کرنے والی حکومتوں کے خلاف مقدمہ دائر کرنا اور دنیا بھر کی مظلوم مسلمان شخصیتوں کے حقوق کا دفاع اور حمایت وہ دیگر نکات تھے جن کے سلسلے میں رہبر انقلاب اسلامی نے عدلیہ کے حکام کو ہدایات دیں-

دہشت گردی کی بھینٹ چڑھنے والے ہزاروں افراد کے حقوق کی بازیابی کے لئے ایرانی عدلیہ کی جانب سے قانونی چارہ جوئی اور مقدمہ دائر کرنے کی ہدایت ایسی حالت میں دی جا رہی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ، علاقے میں منظم دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار ہوا ہے اور اسی بنا پر رہبر انقلاب اسلامی اس موضوع کا جائزہ لئے جانے پر تاکید کرتے ہیں-

رہبر انقلاب اسلامی نے عدلیہ کے سربراہ اور حکام سے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور انسانی حقوق کے دعویداروں کے قول و فعل میں تضاد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ستائیس جون انیس سو اکیاسی میں جمہوری اسلامی پارٹی کے دفتر میں ہونے والے دھماکے کو تین دہائیاں گزرنے کے باوجود اس جرم میں ملوث عناصر ایران سے فرار کر کے مغربی ممالک میں پناہ لئے ہوئے ہیں اور یہ ان ممالک کے مذموم عزائم کا واضح ثبوت ہے-

آپ نے بعض ملکوں سے پیسے لینے کے عوض یمن میں بچوں کے قتل عام اور جرائم پر اقوام متحدہ کی خاموشی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کے حامی اس سب سے اہم ادارے کے لئے شرمناک قرار دیا اور فرمایا کہ عالمی سطح پر اس ذلت و رسوائی سے پردہ اٹھانے کے لئے عدالتی اور قانونی چارہ جوئی ہونی چاہئے-

رہبرانقلاب اسلامی نے عدلیہ کے حکام سے خطاب کے دوران فلسطین ، قدس شریف اور مسجد الاقصی کے موضوع کا بھی ذکر کیا اورعالمی یوم قدس کے نزدیک ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید فرمائی کہ اللہ تعالی کے لطف و کرم سے جمعے کو پورے ایران اور عالم اسلام میں فلسطین کے مظلوم عوام کے دفاع کی آواز بلند کی جائے گی اور ملت اسلامیہ مظلوم کے دفاع کی اہم ذمہ داری پرعمل کرے گی-

رہبر انقلاب اسلامی نے عالم اسلام کی جانب سے فلسطین اور اس سرزمین کے عوام کی مظلومیت پر توجہ دیئے جانے کی تاکید ایسی حالت میں کی ہے کہ صیہونی حکومت کئی برسوں سے مسئلہ فلسطین کو کنارے لگانے کی بے پناہ کوشش کرتی آ رہی ہے اور اسی بنا پر اس مسئلے پر عالم اسلام کو اپنی توجہ مبذول رکھنی چاہئے-

 

 

ٹیگس