Feb ۰۱, ۲۰۲۶ ۱۳:۴۳ Asia/Tehran
  • امریکہ جان لے کہ اگر اس نے جنگ شروع کی تو یہ علاقائی جنگ ہوگی: رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ‌ای نے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد سے ملاقات کے دوران واضح کیا کہ امریکی یہ بات جان لیں کہ اگر اس بار انہوں نے جنگ شروع کی تو وہ صرف ایران تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ایک علاقائی جنگ میں تبدیل ہو جائے گی۔

سحرنیوز/ایران:  یکم فروری بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رہ کی تاریخی وطن واپسی اور اسلامی انقلاب کی سینتالیسویں سالگرہ اورعشرہ فجر کے آغاز کے موقع پر اتوار کی صبح تہران میں حسینیہ امام خمینی رہ میں عوام کے بڑے اجتماع نے رہبر انقلاب سے ملاقات کی۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا آج کل آپ دیکھتے ہیں کہ کبھی جنگ کی بات کی جاتی ہے، کبھی یہ کہا جاتا ہے کہ ہم طیاروں کے ساتھ آئیں گے، ایسا کریں گے، ویسا کریں گے۔ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ماضی میں بھی امریکی ہمیشہ کہتے رہے ہیں کہ تمام آپشن میز پر ہیں اور تمام آپشنز میں جنگ کا آپشن بھی شامل ہوتا ہے۔ یہ وہ ہمیشہ کہتے آئے ہیں۔ اب یہ شخص بھی بار بار دعوے کرتا ہے کہ ہم نے بحری بیڑے بھیج دیے، ہم نے یہ کیا، وہ کیا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس بات پر تاکید کی کہ ایرانی قوم کو ان باتوں سے ڈرایا نہیں جا سکتا۔ ایرانی قوم ایسی دھمکیوں سے خوف زدہ نہیں ہوتی۔ وہ حق کے راستے پر ثابت قدم ہے اور کسی ٹکراؤ سے نہیں ڈرتی۔رہبر انقلاب اسلامی نے مزید فرمایا ہم جنگ شروع کرنے والے نہیں ہیں، ہم کسی پر ظلم نہیں کرنا چاہتے، ہم کسی ملک پر حملہ نہیں کرنا چاہتے، لیکن اگر کوئی طمع رکھے، حملہ کرے یا ایذا پہنچانے کی کوشش کرے تو ایرانی قوم اسے منہ توڑ جواب دے گی۔

 

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای اس بات پر زور دیا کہ امریکی یہ بھی جان لیں کہ اگر امریکہ نے جنگ مسلط کی تو یہ پورے خطے کی جنگ ہوگی۔

رہبر انقلاب اسلامی نے امریکہ اور ایران کے تنازعے کو دو لفظوں میں یوں بیان فرمایا کہ امریکہ ایران کو نگلنا چاہتا ہے، اور باشعور ایرانی قوم اور اسلامی جمہوریہ اس کے سامنے رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ ایران، آپ کا ملک ہے، اس میں بے شمار پرکشش گنجائیشیں موجود ہیں۔ ایران کا تیل، اس کی گیس، اس کے قیمتی معدنی وسائل، اس کا جغرافیائی اور اسٹریٹجک محل وقوع سب کچھ پر کشش ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک لالچی اور توسیع پسند طاقت فطری طور پر ایسے ملک پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ اس ملک کو اپنے قبضے میں لے لیں، جیسے ماضی میں کر چکے ہیں۔

 

رہبرِ انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ تقریباً تیس سال تک امریکی ایران میں موجود رہے۔ وسائل ان کے ہاتھ میں تھے، تیل ان کے قبضے میں تھا، سیاست، سلامتی اور عالمی روابط سب ان کے کنٹرول میں تھے۔ وہ جو چاہتے تھے کرتے رہے۔  وہ دوبارہ واپس آنا چاہتے ہیں اور پہلوی دور جیسی صورتحال بحال کرنا چاہتے ہیں، لیکن ایرانی قوم سینہ سپر کیے مضبوطی سے کھڑی ہے اور رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا اصل دشمنی یہی ہے۔ اصل تنازعہ یہی ہے۔ باقی انسانی حقوق اور اس طرح کی باتیں محض فضول بہانے ہیں۔ وہ لالچ رکھتا ہے، اور ایران مضبوطی سے کھڑا ہے، اور ان شاء اللہ اسی مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

ٹیگس