Jun ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۸:۵۹ Asia/Tehran
  • عالمی یوم قدس صیہونی حکومت سے نفرت و بیزاری کے اظہار کا دن

ملت ایران جمعے کو عالمی یوم قدس کے موقع پر نکالی جانے والی ملک گیر ریلیوں میں بڑے پیمانے پر شرکت کر کے غاصب صیہونی حکومت سے اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کرے گی-

بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح)نے رمضان المبارک کے آخری جمعے کو یوم قدس قرار دیا ہے اور اسی بنیاد پر ایران کی مجریہ ، مقننہ اور عدلیہ کے حکام سمیت ملک کی عسکری و سیاسی شخصیتوں اور سیاسی گروہوں نے اپنے الگ الگ بیانات میں عوام کو عالمی یوم قدس کے جلوسوں میں شرکت کی دعوت دی ہے-

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے بدھ کو عدلیہ کے حکام سے ملاقات میں عالمی یوم قدس نزدیک ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ کے لطف سے ایک بار پھر پورے ایران اور عالم اسلام میں فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت و دفاع میں آواز بلند کی جائے گی اور ملت اسلامیہ مظلوم کے دفاع کی اہم ذمہ داری پرعمل کرے گی-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے بھی ملت ایران اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عالمی یوم قدس کی ریلیوں میں بڑے پیمانے پر شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ اس سال دنیا، مزید اتحاد و یکجہتی سے قدس شریف کی آزادی اور فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں ایران اور اسلامی ممالک میں نکالی جانے والی ریلیوں میں عوام کی پرجوش اور بھرپور شرکت کا مشاہدہ کرے گی-

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹرعلی لاریجانی نے بھی اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ فلسطین کی حمایت ایران کی اسٹریٹیجی ہے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا صحیح حل مسلمانوں کی تقدیر کے فیصلے میں بنیادی تبدیلی پیدا کرے گا-

ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کر کے عالمی یوم قدس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دنیا کے حریت پسند انسانوں بالخصوص ایرانی قوم کو دعوت دی کہ وہ عالمی یوم قدس کی ریلیوں میں بڑے پیمانے پر شرکت کرکے صیہونی غاصبوں کے خلاف دلیرانہ و جائز جد و جہد اور قدس شریف نیز فلسطین کی امنگوں کی حمایت کا اعلان کریں-

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے مقابل استقامت و یکجہتی کے سلسلے میں ملت فلسطین اور فلسطینی جہادی گروہوں کی حمایت، اس غاصب حکومت کے ناجائز اور مذموم عزائم اور تشخص کو برملا کرنا اور اسلامی اور عرب ملکوں کے امن و سلامتی کو درہم برہم کرنے کے لیے صیہونیوں کا تکفیری دہشت گرد گروہوں کو استعمال کرنا، ایسی اہم باتیں اور حقائق ہیں کہ جن پر اس سال عالمی یوم القدس کے موقع پر توجہ دینی چاہیے۔

مجلس خبرگان رہبری یا مجتہدین کی کونسل ، آئین کی نگراں کونسل ، تقریب مذاہب اسلامی کے ادارے اور ایران کی مسلح افواج نے بھی عالمی یوم قدس کے موقع پر الگ الگ بیانات جاری کر کے صیہونی حکومت اور آل سعود و آل خلیفہ کی جارح اور قدامت پسند حکومتوں کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے تمام حریت پسند عوام سے عالمی یوم قدس کی ریلیوں میں بھرپور شرکت اور عالمی استکبار سے نفرت و بیزاری کے اعلان کی دعوت دی-

ایران کی سیاسی پارٹیوں اور گروہوں نے بھی اپنے بیانات میں دنیا بھر کے مسلمانوں بالخصوص ملت ایران سے اپیل کی کہ وہ عالمی یوم قدس کی ریلیوں میں شرکت کر کے صیہونی حکومت سے نفرت و بیزاری کا اعلان اور دشمنوں کے سامنے مسلمانوں کی عظمت و طاقت کا مظاہرہ کریں-

اس میں شک نہیں کہ ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی نے صیہونی حکومت کے خلاف جہادی گروہوں کی تشکیل اور فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کے سلسلے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور بانی انقلاب اسلامی کی قیادت و رہبری میں انقلاب اسلامی کی کامیابی کو اڑتیس سال گذرنے کے باوجود عالمی سطح پر اس انقلاب کے اثرات مزید بڑھتے جا رہے ہیں اور علاقے کی استقامتی و اسلامی تحریکوں میں اسے زیادہ نمایاں طور سے دیکھا جا سکتا ہے-

دنیا کی مختلف سیاسی و ثقافتی شخصیتوں اور ماہرین نے بھی با رہا ایران کے اسلامی انقلاب اور بانی انقلاب حضرت امام خمینی کی شخصیت کی قدر و منزلت اور مسئلہ فلسطین کے سلسلے میں آپ کے نظریے کو تسلیم کیا ہے-

 

 

ٹیگس