May ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۵:۴۹ Asia/Tehran
  • امریکی اقدامات کے مقابلے میں مشترکہ موقف

جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے سوچی میں روس کے صدر ولادمیر پوتین سے ملاقات کرکے ایٹمی سمجھوتے کے تحفظ کی ضرورت پر تاکید سمیت امریکی اقدامات کے مقابلے اور مشترکہ مسائل پر گفتگو کی-

انجیلا مرکل اور ولادمیر پوتین نے امریکی مخالفت کے باوجود نورڈ اسٹریم -2 گیس پائپ لائن کی تعمیر پر تاکید کی - جرمن چانسلر نے بحران شام کے حل کے لئے آستانہ مذاکرات کے عمل کی بھی حمایت کا اعلان کیا-

بحران یوکرین کے بارے میں جرمنی اور روس کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں تاہم یہ مسئلہ بعض اہم مسائل کے  بارے میں دونوں ملکوں کے مشترکہ موقف کی راہ میں حائل نہیں ہوا ہے- ایک اہم مسئلہ ایٹمی سمجھوتہ ہے کہ جس سے امریکہ کے باہر نکلنے کے بعد بھی جرمنی اور روس سمیت گروپ پانچ جمع ایک کے دیگر ممالک نے اس کی پابندی اور اس پرعمل درآمد کی ضرورت پر تاکید کی ہے- ہرچند انجیلا مرکل کا خیال ہے کہ ایٹمی سمجھوتہ ایک مکمل سمجھوتہ نہیں ہے اور ان کا دعوی ہے کہ اس کے نقائص دور ہونے چاہئے تاہم امریکی صدر ٹرمپ کے موقف کی بھی کہ جو اسے ختم کرنے اور منسوخ کرنے کے خواہاں ہیں ، پوری طرح مخالف ہیں-

جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ایٹمی سمجھوتے سے امریکہ کے باہر نکلنے سے حالات پیچیدہ ہوگئے ہیں تاہم اس پر بھی توجہ دینی چاہئے کہ اس سلسلے میں ایک نامکمل سمجھوتہ کوئی بھی سمجھوتہ نہ ہونے سے بہتر ہے- روس کے صدر ولادیمیر پوتین بھی ایٹمی سمجھوتے کے تحفظ پر تاکید کرتے ہیں اور انھوں نے ٹرمپ کے اقدام پر تنقید کی ہے- انجیلا مرکل اور ولادمیر پوتین کا خیال ہے کہ ایٹمی سمجھوتے کا کوئی متبادل نہیں ہے اور اس کی منسوخی سے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پراہم خطرات پیدا ہوں گے-  انجیلا مرکل اور ولادمیر پوتین جس دوسرے مسئلے میں پوری طرح مشترکہ موقف رکھتے ہیں وہ نورڈ اسٹریم 2 گیس پائپ لائن منصوبہ ہے کہ جو موجودہ  نورڈاسٹریم -1 گیس پائپ لائن کے ساتھ ساتھ روسی گیس کو بحر اٹلانٹیک کے راستے جرمنی تک پہنجائے گی- امریکہ ، اس ملک کے سابق صدر باراک اوباما کے دور صدارت سے ہی اس پائپ لائن کو شروع کرنے کی مخالفت کا اعلان کرچکا ہے اور ٹرمپ  بھی روس کے خلاف کیٹسا قانون منظور کرکے اس نہایت اہم گیس پائپ لائن میں یورپی کمپنیوں کی شرکت کو روکنے کی کوشش کررہا ہے- ماسکو کا خیال ہے کہ اس اقدام کی حقیقی وجہ روس کو دوہزارسولہ کے امریکی صدارتی انتخابات میں ماسکو کی مبینہ مداخلت کی سزا دینا نہیں ہے بلکہ یورپ کی انرجی کی منڈی میں موجودگی کا ازحد اشتیاق ہے- روسی صدر ولادمیر پوتین اس سلسلے میں کہتے ہیں کہ ڈونالڈٹرمپ صرف امریکہ کے صدر نہیں ہیں بلکہ ایک اچھے تاجربھی ہیں وہ اپنی تجارت اور یورپ کی منڈیوں میں لیکوڈ گیس کی فروخت کی حمایت کررہے ہیں - میں اسے سمجھتا ہوں- وہ اپنے مفادات کی حمایت کررہے ہیں-

اس کے باوجود اس گیس پائپ لائن کی بہت زیادہ اہمیت کی بنا پر ماسکو کسی بھی قیمت پر اس پروجیکٹ پرعمل درآمد کے لئے پرعزم ہے- اسی بنا پر روس کے صدر نے وعدہ کیا ہے کہ وہ نورڈ اسٹریم -2 گیس پائپ لائن پروجیکٹ روکنے کے لئے امریکہ کی ہرکوشش کی مخالفت کریں گے- انجیلا مرکل اور ولادمیر پوتین بحران شام کے سیاسی حل کے لئے آستانہ مذاکرات کی حمایت کے بارے میں بھی مشترکہ موقف رکھتے ہیں کہ جس کی امریکہ کھلے عام مخالفت کرتا ہے- اس طرح واضح ہے کہ جرمنی امریکہ کے ساتھ مقابلہ آرائی بڑھانے میں کوئی دلچسپی نہ رکھنے کے باوجود اہم مسائل میں ایک دوسرے کے مخالف ہیں اور یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جسے روس بخوبی جانتا ہے اور اسی بنا پر برلین اور ماسکو کے درمیان مشترکہ موقف اختیار کرنے پر تاکید کرتا ہے-

ٹیگس