May ۲۱, ۲۰۱۸ ۱۶:۱۶ Asia/Tehran
  • فلسطینی کمانڈروں کی ٹارگٹ کلنگ کی نئی فہرست

صیہونی حکومت نے اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی فوجی شاخ عزالدین قسام بریگیڈ کے کمانڈروں کی ٹارگٹ کلنگ کی نئی فہرست جاری کردی ہے-

عزالدین قسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد الضیف اور ان کے جانشین مروان عیسی ان اہم ترین افراد میں سے ہیں کہ جن کے نام اسرائیل کی ٹارگٹ کلنگ کی فہرست میں شامل کئے جا چکے ہیں-

صیہونی حکومت نے گذشتہ سترہ مہینوں کے دوران فلسطینیوں کے خلاف بلاجھجھک کارروائیاں کی ہیں اس کی جڑیں امریکی حکومت میں تلاش کی جا سکتی ہیں - امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ نہ صرف اسرائیلی جرائم کے حامی ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین ، بین الاقوامی اداروں اور خاص طور سے اقوام متحدہ پر بالکل یقین نہیں رکھتے- اس بنیاد پر ٹرمپ ، اسرائیل کے جرائم کی زمین ہموار کرتے ہیں کہ جس کی واضح مثال امریکی سفارتخانے کی تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی ہے اور ساتھ ہی انھوں نے اسرائیل کو ہرطرح کے جرائم  انجام دینے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے- صرف تین مارچ کو ہونے والے مظاہروں میں کہ جن کا سلسلہ اب بھی جاری ہے ایک سو بارہ فلسطینی شہید اور تقریبا تیرہ ہزار زخمی ہوئے ہیں اور ان میں شہید ہونے والے تیرہ ، اور زخمی ہونے والے اکیس سو بچے ہیں- ٹارگٹ کلنگ کی فہرست جاری کرنا کوئی نئی چیز نہیں ہے - بیت المقدس کی غاصب حکومت کے غاصبانہ قبضے کو ستّر سال گذر چکے ہیں اور اس دوران وہ دسیوں فلسطینی ، لبنانی اور ایرانی سیاستدانوں ، کمانڈروں اور سائنس دانوں کو شہید کرچکی ہے - فلسطینی انجینئر اور سائنسداں فادی بطش ، اسرائیل کے قاتل دستوں کے ہاتھوں شہید کی جانے والی تازہ ترین فلسطینی شخصیت ہیں کہ جنھیں ایک مہینے قبل اکیس اپریل دوہزار اٹھارہ کو قتل کیا گیا ہے- اس طرح کی ٹارگٹ کلنگ حکومتی ٹارگٹ کلنگ کا مظہرو نمونہ ہے کہ جس کا علمبردار اسرائیل ہے- اسرائیل کا جاسوسی کا ادارہ موساد دنیا کا وہ واحد جاسوسی کا ادارہ ہے جس کے پاس کیدون نام کا قاتل دستہ موجود ہے- کیدون قاتل دستہ حکومتی طور پر دنیا کے مختلف علاقوں خاص طور پر تین ملکوں ، فلسطین ، لبنان اور اسرائیل میں ٹارگٹ کلنگ کی کارروائیاں انجام دیتا ہے- درحقیقت کیدون دستہ ان افراد کو قتل کرتا ہے کہ جنھیں پہلے صیہونی حکومت کا جاسوسی کا ادارہ موساد شناخت کرتا ہے اور پھر ان کے نام ٹارگٹ کلنگ کی فہرست میں ڈال دیتا ہے- اسرائیل کے اسٹریٹیجک امور کے ماہر رونین پیرگمین نے کیدون کو ، اسرائیل کے جاسوسی کے ادارے موساد کے اندر موساد سے تشبیہ دی  ہے اور اعتراف کیا ہے کہ کیدون کے افراد کو ایک نامعلوم مقام پر اغواء ، بمباری اور ٹارگٹ کلنگ کی ٹریننگ دی جاتی ہے اور موساد کے کارکن بھی انھیں نہیں پہچانتے- جن شخصیتوں کے نام اسرائیل کی ٹارگٹ کلنگ کی فہرست میں ہیں انھیں پہلی بار اس لسٹ میں نہیں رکھا گیا ہے بلکہ ایک عرصے سے ان کے نام اس فہرست میں ہیں اور موساد کا قاتل دستہ اب تک انھیں قتل کرنے میں کامیاب نہیں ہوا ہے- مثال کے طور پر عزالدین قسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد الضیف کے قتل کا منصوبہ اب تک کئی بار تیار کیا جاچکا ہے تاہم صیہونی حکومت اب تک انھیں قتل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی ہے- صیہونی حکومت نے دوہزارچودہ میں گرمیوں کے موسم میں محمد الضیف کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی تاہم ان کی بیوی اور ان کے بچے کو قتل کرنے میں کامیاب ہوگئی-

حقیقت یہ ہے کہ اسرائیلی حکومت اپنی بقاء قتل خاص طور سے استقامتی محور کی سیاسی اور فوجی شخصیتوں اور ذمہ دار سائنسداروں کے قتل میں ہی دیکھتی ہے تاہم امریکہ کی واضح اور کھلی حمایت سے دیگر ممالک اور حزب اللہ لبنان و حماس جیسی دفاعی تحریکوں پردہشتگردی کا الزام لگاتی ہے-

ٹیگس