Jul ۲۷, ۲۰۱۸ ۱۷:۵۷ Asia/Tehran
  • جنرل قاسم سلیمانی کا خطاب ، اسلامی جمہوریہ کی طاقت کا مظہر

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کی جانب سے مضبوط و ڈپلومیٹک موقف اختیار کئے جانے کے چند روز بعد سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے قدس بریگیڈ کے کمانڈر نے صدر حسن روحانی کے دلیرانہ موقف کی حمایت کرتے ہوئے ٹرمپ کو ایرانی غیرت و حمیت کے ساتھ فوجی زبان میں جواب دیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے سفارتی خطاب کے بعد سپاہ پاسداران کے قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے فوجی خطاب نے ثابت کردیا کہ قومی مفادات کے تحفظ اور دفاع میں سیاستداں اور فوجی جنرل سب شریک ہیں اور سب کا مشترکہ مقصد قومی مفادات اور مصلحتوں کی حمایت و دفاع کرنا ہے- ایران کے اعلی ترین سیاسی و عسکری حکام آج کل ٹرمپ حکومت کی رجزخوانیوں کے مقابلے میں استقامت و پائداری سے لبریز جذبات کا مظاہرہ کررہے ہیں- 

جنرل قاسم سلیمانی نے جمعرات کو مغربی ایران کے شہر ہمدان میں ٹرمپ کے اس بے بنیاد ٹویئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہ ایران کے خلاف ایسا اقدام کروں گا کہ جس کی کوئی مثال نہیں ملتی ، کہا کہ تمہارا تو کوئی تجربہ بھی نہیں اورچونکہ تمھارا ذہن دوسرے کاموں میں مصروف ہے اس لئے تم سوال پوچھنے کی صلاحیت بھی نہیں رکھتے کم سے کم امریکہ کے انٹیلیجنس اور سیکورٹی اداروں سے پوچھ لو- تم سے پہلے بھی کوئی ایران کے خلاف کچھ نہیں کرسکا- 

ایران کے اس نامی گرامی کمانڈر نے کہ جو عالمی سیاسی حلقوں میں معروف اور نیک نام بھی ہیں ، ٹرمپ کو خبردار کیا کہ آپ جانتے ہیں کہ جنگ یعنی تمھارے تمام وسائل کی تباہی و بربادی اور تم  جنگ شروع تو کرسکتے ہو لیکن اس کا انجام تمہارے ہاتھ میں نہیں ہوگا-

جنرل سلیمانی نے امریکی فوج کی جو تصویر پیش کی ہے وہ حقیقت کے عین مطابق ہے کیونکہ ایرانی فوج کا یہ سینیئرکمانڈر امریکہ کی فوجی طاقت و توانائی کو بخوبی پہچانتا ہے اور اس پرگہری نظر بھی رکھتا ہے- امریکی فوج اور امریکی کمانڈروں کے لئے بھی جنرل قاسم سلیمانی کی کرشماتی شخصیت جانی پہچانی ہے- عراق و شام میں داعش کی خودساختہ خلافت کی نابودی ، اسلامی انقلاب کے سپاہ پاسداران کے قدس بریگیڈ کے اس کمانڈر کی موثر طاقت کی گواہ اور ترجمان ہے کہ اس نامور کمانڈر نے اپنے تجربات ، عراقی و شامی فوجیوں کو منتقل کر کے اور بعض اوقات جنگ کی کمان خود سنبھال کر داعش کے کرائے کے دہشتگردوں کی بساط لپیٹ دی اور امریکیوں پر اپنی طاقت و فوجی اسٹریٹیجی کا رعب اور دھاک جما دی - امریکی اتحاد اپنی تمام تر فوجی، تکنیکی اور تشہیراتی طاقت کے باوجود علاقے میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری طرح ناکارہ ثابت ہوا ہے اور امریکی اتحاد نے جو دعوی کیا تھا وہ کر کے نہ دکھا سکا تاہم جنرل سلیمانی نے ہربار، دہشتگردی کے خلاف جنگ کی حکمت عملی کا اعلان کیا اوراس پر کامیابی کے ساتھ عمل کرکے دکھا دیا-

اور یہی حقیقت و خصوصیت اسلامی جمہوریہ ایران کی تمام مسلح فوج میں موجود ہے- اور جنرل قاسم سلیمانی نے عینی حقائق اور مختلف فوجی تجربات کے سہارے امریکہ کے ناتجربہ کار صدر کو بھی بتا دیا ہے کہ ہرجنگ کو شروع اور ختم کرنے والا امریکہ نہیں ہے اور اس کا نتیجہ اس ملک کے تمام وسائل کی تباہی بھی ہوسکتی ہے-

ایران کی چالیس سالہ فوجی و دفاعی صلاحیت و طاقت نے منھ زور ممالک سے مہم جوئی کے لئے ہر طرح کے آسان مواقع چھین لئے ہیں اور اس کی طاقت کا اندازہ لگانا بھی آسان نہیں ہے-

اس سلسلے میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر محمد علی جعفری نے منگل کو ٹرمپ کی دھمکیوں پر ردعمل میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے حالیہ انقلابی موقف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگرمہم جو امریکی صدر کو سپاہ پاسداران کے دوہزار کیلومیٹر کے دائرے میں ڈوبنے اور نکلنے کی صلاحیت کا پتہ چل جائے تو وہ ہرگز اس طرح کی غلطیاں نہیں کریں گے اور اس نتیجے پر پہنچ جائیں گے کہ تیل کی دھمکی کا بھی آسانی سے جواب دیا جا سکتا ہے- 

ایران کی دفاعی اور فوجی طاقت میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اسٹریٹیجک کردار کی حامل ہے اور اس کی میزائلی صلاحیت علاقے کی سطح پر ایران کے لئے بھروسہ مند دفاعی نوعیت کی حامل ہے- میڈل ایسٹ آئی ویب سائٹ نے پچیس جولائی کو لکھا کہ گذشتہ برس ایک امریکی ادارے نے اپنی رپورٹ میں سپاہ پاسداران انقلاب کے بحری ڈاکٹرین کی تشریح کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ، تیزرفتارترین بحری جنگی جہازوں ، مختلف بوٹوں ، کروز میزائلوں اور بحری بارودی سرنگوں سے لیس ہے-

 

 

 

ٹیگس