ایران ہمیشہ افغان حکومت اور عوام کا حامی رہا ہے، عبداللہ عبداللہ
افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو نے کہا ہے کہ ایک پڑوسی اور دوست ملک کی حیثیت سے ایران، ہمیشہ افغان حکومت اور عوام کا ہمدرد و حامی رہا ہے۔
افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے جنوبی ایران کے شہر چابہار میں افغانستان کے سرگرم عمل اقتصادی ماہرین اور شخصیات کے ایک اجلاس میں افغانستان کے اقتصادی و سماجی مقاصد کو آگے بڑھانے میں ایران کے موثر کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے تاجروں اور عوام کے درمیان مفاہمت کا ایک بڑا ماضی ہے اور حکومت ایران نے تجارت کو آسان بنانے کے لئے چابہار بندرگاہ میں بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اہم اقدامات کئے ہیں تاکہ اس علاقے میں بہتر طور پر سرمایہ کاری کی جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء اور خلیج فارس کے درمیان پل کے قیام کے لئے افغانستان کا نقطۂ نظر اقتصادی ترقی کے علاوہ علاقے کے ملکوں کے درمیان دوستی و اچھی ہمسائیگی کے پیغام کا حامل ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ، بدھ کے روز جنوبی ایران کے شہر چابہار پہنچے جہاں انھوں نے صوبے سیستان و بلوچستان کے گورنر سمیت مختلف مقامی حکام اور اقتصادی و تجارتی ماہرین سے ملاقات کی اور مختلف مسائل کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا۔ وہ بدھ کی رات افغانستان واپس روانہ ہو گئے۔