یورپی فضائی کمپنیوں کی ایران کے لیے براہ راست پروازیں کرنے کی تیاری
یورپی فضائی کمپنیاں ایران کے لیے براہ راست پروازیں پھر سے شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔
یہ بات ایران کے شہری ہوابازی کے شعبہ بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر محمد خدا کرمی نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ وزارت ٹرانسپورٹ کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے بیان کے مطابق ، محمد خداکرمی کا کہنا ہے کہ پابندیوں کی وجہ سے جن یورپی کمپنیوں نے ایران کے لیے براہ راست پروازیں بند کردی تھیں بہت جلد ایران آنا شروع ہوجائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایئر فرانس، کے ایل ایم، برٹش ایئر ویز اور اٹالین ایئرویز نے اپنے اپنے مراسلوں میں ایران کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی قومی ایئرلائن ایران ایئر اور دیگر کمپنیاں بہت جلد یورپی ملکوں کے لیے اپنی پروازں میں اضافہ کریں گی۔
دوسری جانب شہری ہوا بازی کے ادارے کے سربراہ علی عابدزادے نے کہا ہے کہ ایک سو چودہ ایئر بس طیاروں کی خریداری کے معاہدوں پر بہت جلد دستخط کردیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہوائی جہاز بنانے والی بعض یورپی کمپنیوں سے مذاکرات پہلے ہی مکمل ہوچکے ہیں۔ ادھر طیارہ بنانے والی کمپنی ایئر بس کا کہنا ہے کہ معاہدے کی صورت میں رواں سال کے اختتام تک ایک سوچودہ طیارے ایران کو فراہم کردے گی۔