ایران میں سرمایہ کاری میں ٹاٹا گروپ کی دلچسپی
ہندوستان کے ٹاٹا گروپ نے ایران کے آزاد تجارتی علاقے ارس میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اعلان کیا ہے۔
ہندوستان کے معروف صنعتی گروپ ٹاٹا کے نمائندوں نے ایران کے شہر تبریز میں آزاد تجارتی علاقے ارس کے مینیجنگ ڈائریکٹر محسن خادم عرب باغی سے ملاقات میں ارس میں آٹوموبائل صنعت میں سرمایہ کاری کے لئے آمادگی کا اعلان کیا ہے ۔ ٹاٹا کے نمائندوں نے اس ملاقات میں کہا ہے کہ وہ ارس میں آٹوموبائل صنعت کے پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کی غرض سے اقتصادی اور صنعتی پہلووں کے جائزے کا کام جلد از جلد مکمل کرنا چاہتے ہیں ۔
ارس آزاد تجارتی علاقے کے مینیجنگ ڈائریکٹر محسن خادم عرب باغی نے اعلان کیا کہ اس علاقے میں غیر ملکی صنعتکاروں کی سرمایہ کاری کے لئے تمام سہولتیں فراہم ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ارس آزاد تجارتی علاقے کی انتظامیہ ہندوستانی سرمایہ کاروں کو زمین اور دوسری بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔