ایران اور ہندوستان کے تاجروں کی مشترکہ نشست
ایران کے تاریخی شہر شیراز میں ایران اور ہندوستان کے تاجروں کی ایک نشست میں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور تجارتی روابط کے فروغ کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو شیراز میں ایران اور ہندوستان کے تاجروں کی نشست میں ، دواؤں، کیمیائی مواد، زراعت ، گاڑیوں کے فاضل پرزہ جات ، تیل، گیس، پیٹروکیمیکل مصنوعات ، کھانے پینے کی اشیاء، ٹیکسٹائل ، ملبوسات اور انواع و اقسام کی معدنیات کے شعبوں میں باہمی تعاون اور لین دین بڑھانے کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔
ایران کے صوبہ فارس کے ایوان صنعت و تجارت اور زراعت و معدنیات کے سربراہ فریدون فرقانی نے اس نشست میں کہا کہ صوبہ فارس کے زراعت، سیاحت اور معدنیات کے شعبے مستقبل قریب میں ایران اور ہندوستان کے اقتصادی روابط کے استحکام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
صوبہ فارس کے ایوان صنعت و تجارت اور زراعت و معدنیات کے سربراہ نے کہا کہ شیراز کے اقتصادی زون میں بھی ہندوستانی تاجروں کی اقتصادی اور تجارتی فعالیت کے لئے کافی امکانات پائے جاتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اس زون میں کام کرنے والے تجار ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی سے معاف ہیں ۔
ہندوستان کے ایکسپورٹرس فیدڑیشن کے نائب سربراہ نیہار نے شیراز میں منعقدہ ایرانی اور ہندوستانی تاجروں کی مشترکہ نشست میں ایران اور ہندوستان کے اقتصادی اور ثقافتی روابط کو قابل تعریف بتایا ۔ انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایران کے ساتھ ہمارے روابط میں مزید توسیع اور استحکام آئے اور اس کے لئے ہم نے مذاکرات بھی انجام دیئے ہیں ۔