ایران و چین مشترکہ انڈسٹریل زون قائم کریں گے
ایران اور چین مشترکہ طور پر جنوبی ایران کے شہر بم میں اسپیشل انڈسٹریل زون قائم کریں گے۔
وزارت صنعت و معدنیات و تجارت میں ڈپٹی ڈائریکٹر برائے اسمال انڈسٹریز اینڈ انڈسٹریل زون، غلام رضا سلیمانی نے یہ بات چین کے ایک تجارتی وفد کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ایران چین مشترکہ انڈسٹریل زون کے قیام کا فیصلہ دونوں ملکوں کے وزرائے صنعت و معدنیات کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور چین کی متعلقہ وزارتوں نے خصوصی انڈسٹریل زون کے قیام کے ابتدائی سمجھوتے پر دستخط بھی کر دیئے ہیں۔
غلام رضا سلیمانی نے کہا کہ ایران نے چین کو سات مختلف مقامات پر انڈسٹریل زون کے قیام کی پیشکش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور چین کے مشترکہ ورکنگ گروپ نے معاملات کا جائزہ لینے کے بعد، بم میں گاڑیوں کے فاضل پرزہ جات کی تیاری کی غرض سے انڈسٹریل زون کے قیام پر اتفاق کیا -
انہوں نے پیٹروکیمیکل، فولادسازی اور بلڈنگ میٹریل کی تیاری کے شعبوں میں چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور چین کے درمیان طے پانے والے سمجھوتوں کے تحت دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری کا امکان موجود ہے۔