ہندوستان کی ایران سے تیل کی درآمد میں انتالیس فیصد اضافہ
ہندوستان کی ایران سے تیل کی درآمد میں رواں سال قابل ذکر اضافہ ہوا ہے۔
روئٹرز نے اس سلسلے میں اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ ابتدائی اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں سال جون کے مہینے میں ہندوستان کی ایران سے تیل کی درآمد میں گزشتہ سال جون کے مہینے کی نسبت انتالیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ہندوستان نے دو ہزار پندرہ کے پہلے چھے مہینوں میں یومیہ دو لاکھ سولہ ہزار بیرل تیل درآمد کیا تھا جبکہ دو ہزار سولہ کے پہلے چھے مہینوں میں یہ مقدار بڑھ کر تین لاکھ بیالیس ہزار بیرل یومیہ ہو گئی ہے اس طرح اس میں اٹھاون فیصد اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستان کی سرکاری تیل کمپنی ہندوستان پیٹرولیم نے دو ہزار بارہ میں ایران کے خلاف بین الاقوامی پابندیاں لگنے کے بعد ایران سے تیل کی درآمد بند کر دی تھی۔ اس کمپنی نے ساڑھے تین سال کے وقفے کے بعد ایران سے تیل کی درآمد دوبارہ شروع کر دی ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ ہندوستان کے لیے ایران کے تیل کی درآمد چار لاکھ بیرل یومیہ تک پہنچ جائے گی۔