ایران پاکستان آزادانہ تجارت کے فروغ پر زور
ایران کے وزیر تجارت محمد رضا نعمت زادہ نے پاکستان کے ساتھ آزادانہ تجارت کے فروغ پر زور دیا ہے۔
کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں عالمی تجارتی کانفرنس کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب خرم دستگیرخان سے بات چیت کرتے ہوئے محمد رضا نعمت زادہ کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان آزادانہ تجارت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے ایران اور پاکستان کے درمیان آزادانہ تجارت کے آغاز، باہمی تجارتی تعلقات کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔
ایران کے وزیر تجارت نے یہ بات زور دیکر کہی کہ بینکاری چینلوں کے قیام سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر پاکستان کے وزیر تجارت خرم دستگیرخان نے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات کے بارے میں اپنے ملک کے موقف کا اعادہ کیا، انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان شروع ہی سے دوستانہ تعلقات رہے ہیں اور ہمارے درمیان گہرے مذہبی، ثقافتی اور اقتصادی رشتے قائم ہیں۔
خرم دستگیرخان نے ایران کے وزیر تجارت کو ان اقدامات سے بھی آگاہ کیا جو ان کا ملک ایران کے ساتھ تجارت کے فروغ کے لیے انجام دے رہا ہے۔ ہمارے نمائندے کے مطابق پاکستان اور ایران کے وزرائے تجارت کے درمیان اس ملاقات میں، دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور بینکاری تعلقات کے فروغ نیزعالمی تجارتی تنظیم کے بارے میں پاکستان کے موقف پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔